Friday, May 3, 2024
Homesliderغزہ پر عالمی برادری کے مطالبے کے باوجود اسرائیلی حملے جاری

غزہ پر عالمی برادری کے مطالبے کے باوجود اسرائیلی حملے جاری

- Advertisement -
- Advertisement -

غزہ۔ عالمی برادری، امریکہ اور اسلامی ممالک کی بار بار جنگ بندی کی اپیلوں کے باوجود فلسطین کے علاقے غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے اب تک237 فلسطینی شہید اور 1300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ حماس کے راکٹ حملے 12 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں کشیدگی دوسرے ہفتے میں جاری ہے جس میں اب تک اسرائیلی حملوں میں 237 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہدا میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں 12 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ غزہ میں اسلحہ اور گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لیے بنائی گئی سرنگوں پر تباہ کرنے کا عمل پہلی ترجیح کے طور پر جاری رہے گا۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں دو اسرائیلی فوجیوںکی ہلاکت کے بعد سخت جواب دینے کی دھمکی دی ہے ۔ جنوبی اسرائیل میں یہودی کالونیوں کی قیادت سے ملاقات میں نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی مزید کئی روز جاری رہے گی۔

درایں اثنا امریکی وزیر خارجہ لائڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بینی گینٹز سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے غزہ میں تشدد کا سلسلہ فوری روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بے گناہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی ہلاکتیں ناقابل قبول ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ کوئی شخص یا جگہ ہمارے حملوں سے محفوظ نہیں۔ ہمارے پاس غزہ میں کئی اہداف ہیں اور ہم ہرہدف کو نشانہ بنائیں گے ۔قبل ازیں غزہ سے عسقلان کے علاقے میں داغے گئے راکٹ حملے میں دو اسرائیلی ہلاک اور کم سے کم 10 زخمی ہو گئے تھے ۔