Sunday, May 19, 2024
Homesliderفرقہ وارانہ تشدد کی فرضی ویڈیوز وائرل ، مغربی بنگال میں چوکسی

فرقہ وارانہ تشدد کی فرضی ویڈیوز وائرل ، مغربی بنگال میں چوکسی

- Advertisement -
- Advertisement -

کولکتہ ۔ مغربی بنگال کے محکمہ داخلہ نے بنگلہ دیش میں درگا پوجا کے دوران ہندووں پرحملوں کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے لیے جعلی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد تمام اضلاع بالخصوص بنگلہ دیش سے ملحقہ علاقوں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔بنگلہ دیش کی ایک خاص ویڈیو جو بنگال میں گشت کررہی ہے وہ ایک کلپ ہے جس میں ٹیگ لائن ہے کس طرح جتن ساہا ، ایک ہندوگرینڈ الائنس کے کارکن کو نوکھالی کے ایک مندر میں قتل کیا گیا۔بی جے پی کے کئی رہنماوں ، جیسے بونگاوں ضلع میں پارٹی کے جنرل سکریٹری دیبداس مونڈل نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں مقتول کے لیے انصاف مانگا گیا۔ بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان خان نے کہا کہ مفادات کے حصول کےلئے ایک گروہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز گردش کر وارہا ہے۔

ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے خان نے وضاحت کی کہ 30 سیکنڈ کا یہ کلپ جس 16 مئی کو ڈھاکہ کے پلوبی علاقے میں ایک جائیداد کے تنازعہ پر ہونے والا واقعہ تھا۔لیکن ایک گروہ جوکہ مفادات کے حصول کا کوشاں ہے اسے گردش کر وارہا ہے ، اسے نوکھالی میں جتن کمار ساہا کے قتل کی فوٹیج قرار دے رہا ہے ، جو حالیہ جھڑپوں میں مارا گیا۔ یہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی نیت سے کیا جا رہا ہے۔ ہم اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں ۔ریاستی محکمہ داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ عہدیداروں سے کہا گیا تھا کہ وہ تمام سوشل میڈیا پوسٹس پر نظر رکھیں ، کیونکہ یہ خدشات موجود ہیں کہ کچھ قوتیں بنگلہ دیش میں ہندووں پر حملہ کو بنگال میں امن کو بگاڑنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تمام یونٹس کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ جو ویڈیوز آگے بھیجی جا رہی ہیں ان پر سخت نظر رکھیں۔ یہاں تک کہ فرقہ وارانہ معاملات کے چھوٹے چھوٹے معاملات کو بھی اعلیٰ سطح پر فوری طور پر رپورٹ کیا جائے۔عہدیدار نے کہا کوئی بھی پوسٹ جو نفرت ، جھوٹ یا افواہیں پھیلا رہی ہے ، اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہیے ، کیونکہ کچھ گروہوں اور افراد نے سوشل میڈیا میں فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کے لیے مشترکہ کوشش شروع کی ہے۔بنگلہ دیش میں فرقہ وارانہ بدامنی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ انٹیلی جنس پہلے ہی ریاست کے تمام ایس پیز اور سینئر پولیس عہدیداروں کو چوکنہ رہنے کے لیے ایک پیغام بھیج چکا ہے۔13 اکتوبر سے ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنگلہ دیش میں درگا پوجا پنڈالوں کی توڑ پھوڑ کی پوسٹوں سے بھرگئے ہیں۔ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل اضلاع انتہائی حساس ہو گئے ہیں اور ہندوستان میں مختلف ہندو بنیاد پرست تنظیموں کے رہنما سرگرم ہو گئے ہیں۔