Saturday, May 18, 2024
Homesliderلابوشین کی سنچری ، آسٹریلیا 274/5

لابوشین کی سنچری ، آسٹریلیا 274/5

- Advertisement -
- Advertisement -

برسبین ۔ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور فیصلہ کن ٹسٹ کے پہلے دن جمعہکو ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں ، جبکہ میزبان ٹیم نے مارنس لابوشین (108) کی شاندار سنچری کی بدولت دن کے اختتام تک پانچ وکٹ پر 274 رنز بنالئے ہیں ۔پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک کپتان ٹم پین62 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے38 اورکیمرون گرین 70 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 28 بناکرکریز پر موجودہیں ۔ دونوں نے اب تک چھٹی وکٹ کیلئے61 رنز کی شراکت کی ہے ۔سڈنی میں تیسرا ٹسٹ ڈرا کرانے کے بعد ہندوستانی ٹیم اپنے زخمی کھلاڑیوں سے پریشان ہے اور اس نے میچ سے قبل شام تک اپنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا تھا۔ ٹیم نے آج چار تبدیلی کی ہے ۔

زخمی ہونے کی وجہ سے جسپریت بمراہ، تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون، مڈل آرڈر بیٹسمین ہنوما وہاری اور رویندر جڈیجہ کی جگہ ٹیم میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن ، آل راونڈر واشنگٹن سندر، شاردل ٹھاکر اور مینک اگروال کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ابتدائی دھکا لگا اوراس کی تین وکٹیں87 رنز پرگر گئیں۔ اس کے بعد لابوشین نے آسٹریلیا کی لڑکھڑاتی اننگزکو سنبھالا اور شاندار بیٹنگکرتے ہوئے204 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے ۔

ہندوستان کے بولروں نے لنچ تک آسٹریلیا کے دو وکٹ 65 رنز پرگراکر اسے ابتدائی جھٹکے دئے ۔ محمد سراج نے پہلے ہی اوور میں بائیں ہاتھ کے تجربہ کار اوپنر ڈیوڈ وارنرکو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکرآسٹریلیاکو شدید جھٹکا دیا۔ وارنر نے چارگیندوں میں ایک رن بنائے ۔ سراج نے وارنر کو ا س سیریز میں دوسری مرتبہ اپنا شکار بنایا ۔ زخمی ول پوکووسکی کی جگہ ٹیم میں شامل مارکس ہیرس کچھ خاص نہیں کر سکے اور اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے شاردال ٹھاکرنے واشنگٹن سندر کے ہاتھوں کیچ کروایا ۔ہیرس نے23 گیندبازوں میں صرف پانچ رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کا پہلا وکٹ چار جبکہ دوسرا وکٹ17 رن کے اسکور پر گرا۔

ان دونوں اوپنرس کے آؤٹ ہونے کے بعد ، اسٹیون اسمتھ اور لابوشین نے لڑکھڑاتی آسٹریلیائی اننگزکو سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 70 رن کی ساجھیداری بنی۔یہ ساجھیداری اور بڑی ہوتی اس سے پہلے ہی واشنگٹن سندر نے اسمتھ کوروہت کے ہاتھوں کیچ کراکر پویلین بھیجا۔ اسمتھ نے77 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے ۔

اسمتھ کا وکٹ 87 کے اسکور پر گرا اور یہاں سے لابوشین نے میتھیو ویڈ کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لئے 113 رنز کی ساجھیداری کی اور اپنے ٹسٹ کیرئر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ٹی نٹراجن نے ٹھاکر کے ہاتھوں کیچ کراکر ویڈ کو آوٹ کرکے آسٹریلیا کو چوتھا جھٹکا دیا۔ ویڈ نے 87 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے ۔

ویڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد ، نٹراجن نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کی اور رشبھ پنت کے ہاتھوں آؤٹ کراکر لابوشین کو پویلین بھیجا۔ میچ میں یہ نٹراجن کی دوسری وکٹ تھی اور انہوں نے لابوشین کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو بڑا جھٹکادیا۔ لابوشین کی وکٹ 213 رنز کے اسکور پر گری۔

اس کے بعد پین اور گرین نے اننگز کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو مضبوطی دی ۔ ہندوستان کی طرف سے نٹراجن نے 20 اوور میں 63 رن پر دو وکٹ، سراج نے 19 اوور میں 51 رن دے کر ایک وکٹ ، سندر نے 22 اوور میں63 رن پر ایک وکٹ اور ٹھاکر کو 18 اوور میں 67 رن پر ایک وکٹ ملا جبکہ نودیپ سینی 21 رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے ۔