Sunday, May 19, 2024
Homeتازہ ترین خبریںلات مارنے والے بی جے پی لیڈر کو خاتون نے بھائی بنالیا

لات مارنے والے بی جے پی لیڈر کو خاتون نے بھائی بنالیا

- Advertisement -
- Advertisement -

احمد آباد ۔ گجرات سے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی اسمبلی کے رکن بلرام تھوانی کی جانب سے ایک خاتون کو سرعام روڈ پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی لیکن اس کے بعد خاتون کو لات مارنے والی لیڈر اور متاثرہ خاتون نے نہ صرف صلح صفائی کرلی بلکہ دونوں بھائی بہن بھی بن گئے۔

مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گجرات اسمبلی کے رکن بلرام تھوانی سرعام کئی افراد کی موجودگی میں خاتون کو لات مارتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے نارودا ٹاون میں اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون نیتو تیجوانی دیگر خواتین ومقامی افراد کے ساتھ رکن اسمبلی کے دفتر کے باہر دھرنا دینے پہنچیں۔

متاثرہ خاتون اہل محلہ کے ساتھ پانی کی عدم فراہمی کے خلاف دھرنا دینے رکن اسمبلی بلرام تھوانی کے دفتر پہنچیں جہاں انہوں نے رکن اسمبلی کی غیر موجودگی میں نعرے بازی شروع کردی۔متاثرہ خاتون کے مطابق احتجاج کے دوران رکن اسمبلی بلرام تھوانی نے آتے ہی میڈیا والوں سے کیمرا چھیننے کے علاوہ ان سے بھی موبائل فون چھین کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا شروع کردیا۔ ویڈیو میں بلرام تھوانی کو خاتون کو سرعام سڑک پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ رکن اسمبلی کی جانب سے سڑک پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وائرل ہوگئی اور عوام نے بلرام تھوانی کے خلاف بولنا شروع کیا تو انہیں بھی غلطی کا احساس ہوا اور متاثرہ خاتون سے معذرت کرلی۔

 ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلرام تھوانی متاثرہ خاتون کے ہاں پہنچے اور ان سے تشدد پر معذرت کرتے ہوئے انہں اپنی بہن بنا لیا۔ بلرام تھوانی کی جانب سے معذرت کیے جانے کے بعد متاثرہ خاتون نے بھی انہیں معاف کرکے اپنا بھائی بناتے ہوئے انہیں راکھی باندھ دی۔ رکن اسمبلی کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کانگریس کی کارکن ہیں اور وہ محلے میں پانی کے مسئلے پر منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتی رہتی تھیں۔