Thursday, May 16, 2024
Homesliderلکھیم پورواقعہ ، کانگریس سیاست کرنے میں مصروف : بی جے پی...

لکھیم پورواقعہ ، کانگریس سیاست کرنے میں مصروف : بی جے پی کا الزام

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس ووٹوںکی خاطر اتر پردیش کے لکھیم پورکھیری تشدد معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ دلتوں پرکانگریس کے زیر اقتدار راجستھان میں حملہ کیاگیا لیکن وہ اس معاملے میں بالکل خاموش ہے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ کچھ دیر پہلے ہم نے قومی انسانی حقوق کمیشن کے28 ویں یوم تاسیس پر وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب سنا۔ وزیر اعظم نے پوری سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ پورے موضوع کو پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہوتی ہے جب انہیں سیاسی رنگ سے دیکھا جاتا ہے ، سیاسی عینک سے دیکھا جاتا ہے ، سیاسی نفع و نقصان کے ترازو سے تولا جاتا ہے ۔ اس طرح کا رویہ جمہوریت کے لیے یکساں طور پر نقصان دہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہلکھیم پورکھیری میں جوکچھ ہوا ہے وہ افسوسناک ہے اوراس پورے معاملے کی منصفانہ تحقیقات جاری ہے لیکن یہ بھی افسوسناک ہے کہ جس طرح کی سیاست کچھ اپوزیشن پارٹیاں کررہی ہیں اور ووٹ بنک کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

سمبت پاترا نے کہا ہےکہ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی اورکانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اپنے آپ کو دلت انسانی حقوق کے کارکن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن راجستھان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی گاندھی خاندان کو نظر نہیں آتی۔ کچھ دن پہلے راجستھان کے پریم پورہ گاؤں میں ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا۔ اس کے بعد اس کی لاش اس کے گھر کے سامنے پھینک دی گئی۔ لیکن راہول اور پرینکا گاندھی ، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو یا بنگال سے کوئی اورلیڈر وہاں نہیں پہنچے ۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔ یہاں دلتوں کی حمایت میں کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ کیا دلتوں کو جینے کا حق نہیں ہے ؟