Friday, May 17, 2024
Homesliderمانسون اجلاس کے پہلے دو ہفتے پارلیمنٹ  کی کارروائی ہنگاموں کی نذر

مانسون اجلاس کے پہلے دو ہفتے پارلیمنٹ  کی کارروائی ہنگاموں کی نذر

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دو ہفتے پیگاسس۔ جاسوسی معاملے ، کسان تحریک اور مہنگائی کے سلسلے میں کئے گئے اپوزیشن کانگریس، ترنمول کانگریس اور بائیں بازو سمیت متعدد دیگر پارٹیوں کے ہنگا موں  کی نذررہے جبکہ حکومت کی جانب سے پیگاسس جیسے حساس معاملے پر اختیار کردہ خاموشی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ اگرچہ حکومت لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اس دوران شور و غل کے درمیان ہی کچھ ضروری بل منظور کروانے اور وزیروں کے بیان ایوان میں پیش کرنے میں کامیاب رہی۔

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 19 جولائی کو شروع ہوا تھا اور اپوزیشن پہلے دن سے پیگاسس۔ جاسوسی معاملے کی جانچ کروانے کی مانگ، کسان تحریک کی حمایت اورمہنگائی کے خلاف آواز  اٹھائی لیکن حکومت نے کسی بھی معاملہ پر اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہی ۔ اس سے دونوں ایوان میں تعطل برقرارہا ۔ سیشن کے دوسرے ہفتے کے آخری دن بھی دونوں ایوانوں میں پیگاسس جاسوسی، مہنگائی اور زرعی قوانین سمیت دیگر امور کے تعلق سے اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کا ہنگامہ جاری رہا۔

اگرچہ لوک سبھا میں پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے قومی دارالحکومت خطہ اور ملحقہ علاقوں میں ایر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن بل 2021 اور جنرل انشورنس بزنس (نیشنلائزیشن) ترمیمی بل 2021 پیش کروائے ۔ ہنگاموں کے درمیان ، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے محدود ذمہ داری شراکت داری (ترمیمی) بل 2021 اور مطلق انشورنس اور کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن (ترمیمی) بل 2021 پیش کروائے ۔ اس کے بعد وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے بحث کے لئے ناریل ڈیولپمنٹ بورڈ (ترمیمی) بل 2021 متعارف کروایا اور بحث کیے بغیر ایوان نے اسے صوتی ووٹ کے ذریعہ منظورکیا۔

 گذشتہ ہفتے دونوں ایوانوں میں ان لینڈ شپ بل ، 2021، ایر پورٹ اکنامک ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ترمیمی) بل 2021 ، فیکٹرس ریگولیشن بل 2021 ، انسالوینسسی اور دیوالیہ پن کوڈ (ترمیمی) بل 2021 ، جوینائل جسٹس (تحفظ اور دیکھ بھال) بل۔ 2021 ، نیوی گیشن میری ٹائم اسسٹنس بل 2021 ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ بل 2021 منظور کیے گئے ۔