Monday, May 20, 2024
Homeتلنگانہمجھے کوئی گرفتاری وارنٹ نہیں ملا: چندرا بابو نائیڈو

مجھے کوئی گرفتاری وارنٹ نہیں ملا: چندرا بابو نائیڈو

امراوتی۔ ضلع ناندیڑمیں دھرم آباد کی عدالت کی جانب سے ناقابل گرفتاری وارنٹ سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ انہیں تاحال ایسا کوئی وارنٹ موصول نہیں ہوا ہے۔ قانون تنظیم جدید آندھرا پریش پر عمل آوری پر مختصر مدتی وقفہ سوالات کے دوران اسمبلی میں بات کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ انہیں عدالت سے کسی قسم کی مراسلت موصول نہیں ہوئی ہے جیسا کہ اس بارے میں چند دنوں قبل خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر متعلقہ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کئے ہیں اور اس پر مناسب اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں آندھرا پردیش کی سرحد پر مہاراشٹرا پولیس نے گرفتار کیا تھا مگر ریاست میں نہیں ۔ اس وقت مہاراشٹرا پولیس نے کہا تھا کہ تلگو دیشم پارٹی قائدین کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہوگا اور انہیں خصوصی فلائٹ کے ذریعہ حیدرآباد بھیج دیا گیاتھا۔ لیکن اب اچانک یہ خبر آئی ہے کہ عدالت نے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابلی پراجکٹ کی تعمیر غیر قانونی تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ پراجکٹ، دریائے گوداوری پر ایس آر ایس پراجکٹ کے حدود کے اندر ہے ۔ شمالی تلنگانہ کے کسانوں کو اس پراجکٹ کی تکمیل پردریائی پانی پر اپنے حق سے محروم ہونا پڑے گا ۔