Sunday, May 5, 2024
Homesliderمحمد سراج آسٹریلیا سیریز کی دریافت :روی شاستری

محمد سراج آسٹریلیا سیریز کی دریافت :روی شاستری

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری نے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کو دورہ آسٹریلیا کی دریافت قرار دیا ہے اور کہا ہیکہ آسٹریلیا میں نسل پرستی کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود سراج نے ٹیم کی تاریخی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ محمد سراج جن کے والد کا دورہ آسٹریلیا کے دوران انتقال ہوا تھا لیکن وہ کورونا قواعد کی وجہ سے وطن واپس نہیں لوٹ پائے تھے، نیز سڈنی ٹسٹ کے دوران آسٹریلیائی شائقین نے انہیں نسل پرستی اور فقرے بازی کا نشانہ بنایا تھا۔ ان تمام مشکل حالات کے باوجود سراج نے سیریز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہندوستانی تمام بولروں میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی ۔

شاستری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کی محمد سراج دریافت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سراج نے ہندوستانی کامیابی میں ایک معمار کا کردار ادا کیا اور خاص کر سینئر بولروں کے زخمی ہوکر میدان سے باہر ہونے کے بعد انہوں نے اس خلاءکو کامیابی کے ساتھ پُر کیا۔ برسبین میں منعقدہ چوتھے ٹسٹ میں سراج فاسٹ بولنگ شعبہ کی قیادت کی اور اس مقابلہ میں انہوں نے پانچ وکٹیں لیتے ہوئے مثالی کارکردگی انجام دی۔ اس مقابلہ میں انہوں نے 150 رنز دیکر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد سراج کے آسٹریلیا میں شاندار مظاہرے اس لئے بھی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ایک جانب جہاں ان کے والد کا انتقال ہوا اور وہ کورونا کی وجہ  سے والد کا آخری دیدار نہیں کرسکے تو دوسری جانب مقابلوں کے دوران حیدرآبادی بولر کو میدان میں مقامی شائقین نے نسل پرستی کا نشانہ بنایا ، اس کے باوجود سراج نے اپنی بولنگ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی صلاحتیوں کا نہ صرف منوایا بلکہ ٹیم کی کامیابی میں جلد نہ بھولنے والا کردار ادا کیا ہے۔