Saturday, May 18, 2024
Homesliderمحمد سراج نے اپنا لوہا منوالیا

محمد سراج نے اپنا لوہا منوالیا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان کی شاندار کامیابی میں اہم رول اداکرنے والے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کی ٹیم کے کارگذار کپتان اجنکیا رہانے ،سابق کپتان سنیل گواسکر اور دیگرنے بھرپور ستائش کی ہے ۔ رہانے نے میچ کے بعد مین آف دی میچ حاصل کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ٹسٹ میچ میں سراج نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ان میں خود اعتمادی دکھائی دی جو ایک مثبت علامت ہے ۔سنیل گواسکر نے کہاکہ سراج کو محمد سمیع کی جگہ شامل کیاگیا تھاجنہوں نے اپنے انتخاب کو پوری طرح صحیح ثابت کیا۔

سابق کرکٹرسنجے منجریکر کے مطابق سراج کچھ عرصہ سے آئی پی ایل اور محدود اوورس کے مقابلے کھیل رہے تھے تاہم انہیں ٹسٹ کیلئے موقع نہیں مل رہا تھا، جیسے ہی انہیں موقع ملادونوں ہاتھوں سے انہوں نے اس موقع کو تھاما اوراپنی متاثرکن کارکردگی سے سب کے دل جیت لئے ۔واضح رہے کہ محمد سراج پچھلے سات سال کے دوران ٹسٹ میچ میں پانچ وکٹس لینے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے جنہوں نے دونوں اننگز میں کیمرون گرین کو نشانہ بنایا جبکہ انہوں نے لوبوشین کو پہلی اننگز، ٹریوس ہیڈ و ناتھن لیون کو دوسری اننگز میں آوٹ کیا۔قبل ازیں محمد سمیع نے اپنے کیرئیر کے پہلے ٹسٹ میچ میں 2013میں کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے ٹسٹ میچ میں 9وکٹس لئے تھے ۔

کامیابی کا سہرا سراج اور گل کی سر جاتا:رہانے

ہندوستان کو باکسنگ ڈے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف آٹھ وکٹ سے شاندار جیت دلانے والے کپتان اجنکیا رہانے نے کہا کہ انہیں اپنے سبھی کھلاڑیوں پر فخر ہے ۔ حقیقت میں سبھی نے اچھا کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میں کامیابی کا سہرہ محمد سراج اور شبھمن گل کے سر باندھنا چاہتا ہوں ۔

رہانے نے چوتھے دن میچ جیتنے اور سیریز میں 1-1 کی برابری حاصل کرنے کے بعد کہا مجھے اپنے سبھی کھلاڑیوں پر فخر ہے جنہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ٹیم کو برابری دلائی۔ میں اس ٹسٹ میں کرئیر کا آغازکرنے والے کھلاڑیوں محمد سراج اور شبھمن گل کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے واقعی لاجواب کارکردگی پیش کی۔

کپتان نے کہا کہ دوسری اننگز میں زخمی ہونے کی وجہ سے امیش یادو نے تقریباًبولنگ نہیں کی ایسی حالت میں کھلاڑیوں جو ہمت دکھائی وہ قابل تعریف ہے ۔ پانچ بولروں کو کھیلنے کی حکمت عملی نے ہمارے لئے کام کیا۔ ہم ایک آل راونڈر کے بارے میں سوچ رہے تھے اور رویندر جڈیجہ اس کے لئے صحیح ثابت ہوئے ۔ شبھمن کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ ہم سبھی ان کے فرسٹ کلاس کیریر سے واقف ہیں اور اس میچ میں انہوں نے یہ دکھا دیا ہے کہ وہ اونچے درجے کی کرکٹ میں شاٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رہانے نے مزید کہا سراج نے بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ڈسیپلین کے ساتھ بولنگ کرسکتے ہیں۔ کسی ڈیبیو کررہے کھلاڑی کے لئے ڈسیپلین کے ساتھ بولنگ کرنا کافی مشکل ہوتا ہے لیکن ان حالات میں ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ کام آتا ہے ۔ محمد سراج نے میلبورن میں آسٹریلیائی بیٹسمینوںکو اپنی بولنگ سے پریشان کیا۔ پہلی اننگز میں دو اور دوسری اننگز میں انہوں نے تین وکٹ حاصل کی ۔ اپنے پہلے ٹسٹ میں پانچ وکٹ حاصل کرکے انہوں نے جو شروعات کی ہے وہ قابل تعریف ہے ۔