Thursday, May 16, 2024
Homeٹرینڈنگمحمد عامر کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت پر سوالیہ نشان

محمد عامر کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت پر سوالیہ نشان

- Advertisement -
- Advertisement -

شارجہ ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرمحمد عامرکی مسلسل مایوس کن کارکردگی سے ٹیم انتظامیہ اورسلیکٹرز پریشان ہوگئے ہیں۔ 30 مئی کو شروع ہونے والے ورلڈکپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان 12 اپریل کو راولپنڈی میں ختم ہونے والے پاکستان کپ کے بعدکیا جائے گا تاہم ورلڈ کپ سے 10 ہفتے قبل فاسٹ بولر محمد عامر کی مسلسل ناقص کارکردگی سے ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز پریشان ہیں۔

 26 سالہ فاسٹ بولرمحمد عامر کی بولنگ فارم مایوس کن حد تک خراب ہے۔ 18 جون 2017 کو اوول میں ہندوستان کے خلاف آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے اب تک 14 ونڈے مقابلوں میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 9 میچوں میں محمد عامر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں پہلے میچ میں محمد عامر نے 9 اوورز میں59 رنز دیئے اور وہ وکٹ سے محروم رہے جبکہ دوسرے مقابلے میں انہیں ٹیم سے ہی باہر کردیا گیا۔ ٹیم انتظامیہ محمد عامر کو مسلسل موقع دے رہی ہے۔ اس وقت پاکستان ٹیم میں جنید خان، عثمان شنواری اور محمد حسنین جیسے بولر موجود ہیں جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز میں ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے سلیکٹرز اس سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا قریب سے معائنہ کریں گے تاکہ اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دی جاسکے۔