Saturday, May 18, 2024
Homesliderمختلف مہارتوں اور ہنر پر مبنی تعلیم کو اردو زبان میں فروغ...

مختلف مہارتوں اور ہنر پر مبنی تعلیم کو اردو زبان میں فروغ دینے کا فیصلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ مختلف مہارتوں اور ہنر پر مبنی تعلیم کو اردو زبان میں فروغ دینے کے لیے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سینٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن(سی بی ایس ای) کے ساتھ مل کر نصابی کتابوں کے اردو ترجمے اور اردو اکثریتی علاقوں میں ان کی ترسیل کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ اطلاع قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد نے آج سی بی ایس ای کے ٹریننگ اینڈ اسکل ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بسواجیت ساہا اور ڈپٹی سکریٹری شومی سرکار کے ساتھ اجلاس کے بعد کہی۔

انہوں نے کہاکہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ کونسل اور سی بی ایس ای کے مابین ایک تحریری یاد داشت تیار کی جائے گی اور اس کی روشنی میں مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ہے کہ اردو کے طلبہ کو بھی اِسکل ایجوکیشن (مہارت پر مبنی تعلیم) دے کر انھیں ہمہ جہت صلاحیتوں سے لیس کیا جائے تاکہ وہ چیلنجز کا آسانی سے مقابلہ کر سکیں اور عملی دنیا میں آنے کے بعد ان کے سامنے ایک سے زیادہ متبادل ہوں۔ قومی اردو کونسل کے ذریعے سی بی ایس ای کی شائع شدہ اسکل ایجوکیشن سے متعلق کتابوں کا مرحلہ وار اردو زبان میں ترجمہ کروا کرانھیں ہندوستان کے علاوہ اردو کی نئی بستیوں تک بھی پہنچانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

شیخ عقیل نے کہا کہ موجودہ دور علمی و عملی مسابقہ آرائی کا دور ہے جس میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک سے زیادہ علمی و عملی شعبے میں اختصاص اور مہارت کی ضرورت ہے ،اسی مقصد کے پیش نظر ہم نے یہ پیش رفت کی ہے اور اس سے یقینا اردو طلبہ و طالبات کی پیشہ ورانہ استعداد سازی اور سرٹیفیکیشن کی راہیں ہموار ہوں گی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سمت میں عملی قدم اٹھاتے ہوئے جموں و کشمیر میں شروع ہونے والے چھ ماہ کے پیپر میشی کورس کے لیے سی بی ایس ای کی ورک بک کا اردو ترجمہ قومی اردو کونسل کے ریسرچ عہدیدار شاہنواز محمد خرم کے ذریعے تیار کروایا گیا ہے ۔