Sunday, May 19, 2024
Homeبین الاقوامیمرسی کی موت کی تحقیقات کا اقوام متحدہ کا مطالبہ

مرسی کی موت کی تحقیقات کا اقوام متحدہ کا مطالبہ

- Advertisement -
- Advertisement -

قاہرہ ۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے دفتر نے مصر کے سابق صدرڈاکٹر محمد مرسی کی عدالت میں سماعت کے دوران ہونے والی موت کے واقعہ کی فوری اور مکمل تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔

سرکاری ٹیلی ویژن چینل فرانس 24 نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے معاملات کے ہائی کمشنر کے ترجمان روپرٹ کولیولے کے حوالہ سے کہا ہے حراست میں کسی بھی حادثاتی موت کے بعد ایک خود مختار ادارہ کی جانب سے موت کی وجوہات کو واضح کرنے کے لئے فوری طور پر، منصفانہ اور مکمل طور پر شفاف جانچ ہونی چاہئے ۔

کولیولے نے مرسی کی موت کے ٹھیک ایک دن بعد کہا محمدمرسی¸ کی حراست کی شرائط کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا گیا ہے ، جس میں ناکافی طبی دیکھ بھال تک رسائی شامل ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ تقریبا چھ سال کی حراست کے دوران اپنے وکلاءاور رشتہ داروں تک رسائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔قابل غور ہے کہ مرسی کی پیر کو عدالت میں سماعت کے دوران گرکر موت ہوگئی تھی۔فوج نے سال 2013 میں بغاوت کرکے انہیں اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا اور ان پر جاسوسی کے الزام تھے ۔

عدالت کی کارروائی کے دوران وہ بیہوش ہو گئے اور ان کی موت ہو گئی۔ وہ 67 سال کے تھے اور ان پر جاسوسی کے الزام میں مقدمہ چل رہا تھا۔ مرسی کو لوہے کے پنجرے میں عدالت میں لایا گیا تھا اور عدالت میں اپنا موقف رکھنے کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے ۔ مصر کے سرکاری وکیل نے کہا ہے کہ طبی رپورٹ میں ان کے جسم پر کسی بھی طرح کے چوٹ کے نشان نہیں پائے گئے ہیں۔ مرسی کے عہدہ سنبھالنے کے ایک سال بعد انہیں اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد انتظامیہ نے ان کے اوران کی تنظیم اخوان المسلمون کے حامیوں کے خلاف شکنجہ کسنا شروع کیا تھا۔ محمد مرسی پر فلسطینی تنظیم حماس کے ساتھ مشتبہ رابطوں اور جاسوسی کے الزام میں دارالحکومت کی عدالت میں سماعت چل رہی تھی۔

جیل میں ان کی حالت کے سلسلہ میں کافی عرصہ سے تشویش ظاہر کی جا رہی تھی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ان کے سب سے چھوٹے بیٹے عبداللہ نے کہا تھا کہ جیل کے عہدیدار ان کے والد کو مسلسل تنہائی میں رکھ رہے ہیں اور ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسی سنگین بیماریاں ہونے کے باوجود انہیں علاج مہیا نہیں کروایا جارہاہے ۔عبداللہ نے پانچ ماہ پہلے کہا تھا کہ مصر کے عہدیدار کچھ اس طرح کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ان کی موت جلد سے جلد ہو جائے اور یہ قدرتی وجوہات سے ہونے والی موت نظر آئے ۔