Friday, May 17, 2024
Homesliderمضبوط کولکاتا نائیٹ رائیڈز سے پر عزم ممبئی انڈینز کا مقابلہ

مضبوط کولکاتا نائیٹ رائیڈز سے پر عزم ممبئی انڈینز کا مقابلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

ابوظہبی: آئی پی ایل میں اپنا پہلا میچ گنوانے والی دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز چہارشنبہ کولکاتا نائیٹ رائیڈز کے خلاف مقابلے میں واپسی کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ ممبئی کو ابوظہبی میں اپنے پہلے میچ میں چینائی سوپر کنگز سے پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ ان کا آئی پی ایل کا دوسرا میچ ہوگا۔ آئی پی ایل میں کولکتہ کا یہ پہلا میچ ہے اور اس کا مقصد ٹورنمنٹ کا کامیابی کے ساتھ آغاز کرنا ہوگا۔چار مرتبہ کے چمپیئن اور اسٹار روہت شرما کی قیادت میں ممبئی کی ٹیم نے چینائی کے خلاف میچ میں بہت سی غلطیاں کیں جس کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کپتان روہت پہلے میچ میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے لیکن انہیں کولکتہ کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔

ممبئی کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس کا کپتان طویل وقت تک وکٹ پر رہے ۔ روہت چینائی کے خلاف12 رنز بنائے تھے ۔سوریہ کمار یادو17 ، ہاردک پانڈیا14 اور کیرون پولارڈ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ صرف کوئنٹن ڈی کوک نے33 اورسوربھ تیوری نے42 رنز بنائے ۔ ممبئی نو وکٹوں پر 162 رن بنانے میں کامیاب رہی اور شکست کے بعد روہت نے تسلیم کیا کہ ٹیم 15-20 رنز سے پیچھے رہی ۔ممبئی کے پاس جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ کی شکل میں دو عالمی معیارکے بولر ہیں اور انھیں حریف ٹیم کو پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں روکنے کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ ہاردک پانڈیا ایک آل راؤنڈر ہیں لیکن انہوں نے چینائی کے خلاف کوئی اوور نہیں پھینکا اور وہ خالص بیٹسمین کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں۔ اس حیثیت سے کھیلتے ہوئے ہاردک کو اپنی وکٹ کی قدرکو سمجھنا ہوگا اور طویل عرصے تک کریز پر رہنا ہوگا۔ پولارڈ کو اپنی دھماکہ خیز صلاحیت کو ظاہر کرنے کی ضرورت ہے اور ڈیتھ اوورز میں اسے اختتام تک قائم رہنا ہوگا تاکہ ٹیم بہتر اسکور پر پہنچ سکے ۔

دو مرتبہ کے چمپئن کولکاتہ نے آخری مرتبہ2014 میں آئی پی ایل جیتا تھا اور ٹیم کے کپتان گوتم گمبھیر تھے ۔ ٹیم کے موجودہ کپتان وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتک ہیں اور ٹیم کو سیمی فائنلز تک لے جانے کی ان کی بہت بڑی ذمہ داری ہوگی۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ کو وہی کرشمہ کرنا پڑے گا جیسا کہ شاہ رخ کی کیریبین پریمیر لیگ کی ٹیم ٹرینباگو نائٹ رائڈرس نے اس سال چوتھی مرتبہ خطاب اپنے نام کرکے کیا۔کولکتہ کی ٹیم میں سنیل نارائن ، ایان مورگن ، آندرے رسل ، پیٹ کمنز ،کلدیپ یادو اور نوجوان شبھمن گل کی شکل میں متعدد اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹیم کو ٹورنمنٹ میں جیت سے آغاز دلاسکتے ہیں ۔کارتک توقع کریں گے کہ نارائن بھی اوپننگ میں اسی طرح کے دھماکہ خیز بیٹنگ کریں گے جیسا کہ انہوں نے پچھلے کچھ سیزن میں کیا تھا۔ گل ، مورگن ، کارتک اور رسل ٹیم کو مضبوط اسکور دے سکتے ہیں۔کولکتہ نے اس سیزن میں کمنز کو15.50 کروڑ روپئے کی بھاری قیمت میں خریدا جس سے وہ مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ۔