Monday, May 13, 2024
Homesliderملر ورلڈ کپ میں افریقی ٹیم کی کامیابی کےلئے پرعزم

ملر ورلڈ کپ میں افریقی ٹیم کی کامیابی کےلئے پرعزم

- Advertisement -
- Advertisement -

گوہاٹی۔ جنوبی افریقی اسٹاربیٹر ڈیوڈ ملر کو پختہ یقین ہے کہ ہندوستان کے خلاف سیریز میں شکست ان کی ٹیم کو آئندہ ٹی20  ورلڈ کپ سے قبل کمزور نہیں کرے گی۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں آسٹریلیا کی خطابی کامیابی کا حوالہ دیا، جو اس باوقار ٹورنمنٹ سے پہلے مسلسل اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے جدوجہد کر رہی تھی۔جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر بیٹروں نے سخت جدوجہد کی یہاں تک کہ اتوار کو دوسرے ٹی 20 میں ان کے بولرس  اپنا بہتر راستہ تلاش کرنے میں ناکام رہے کیونکہ ہندوستان نے یہاں 16 رنز کی جیت کے ساتھ سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کی۔
ملر نے کہا کہ اس شکست سے انہیں زیادہ نقصان نہیں پہنچے گا کیونکہ آسٹریلیا نے بھی 2021 میں کافی جدوجہد کی تھی لیکن آخر کار وہ عالمی چمپئن بن گیا۔ آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں لگاتار پانچ سیریز ہار کر ورلڈ کپ میں قدم رکھا تھا ۔ملر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ماضی میں بہت سی مثالیں سامنے آئی ہیں، جن میں سے ایک آسٹریلیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے پہلے بہت اچھا نہیں کھیل رہا تھا اور پھر وہ عالمی چمپئن بن گیا۔اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ اس پر زیادہ فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ساتھ مل کر ہم بہت اچھا کرتے ہیں۔ ہماری اچھی شراکت داری ہے، ہم نے گزشتہ سال بہت سی سیریز جیتی تھیں۔ٹیمباباوما کی قیادت میں ٹیم کو ہندوستان کے خلاف گزشتہ مقابلے میں  238 کا سخت ہدف دیا گیا تھا لیکن کپتان لگاتار دوسرے میچ میں کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے جبکہ ریلی روزو بھی بغیر کسی بہتر اسکور  کے آؤٹ ہوئے۔
تاہم، ملر نے 47 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 106 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور کوئنٹن ڈی کاک (48 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 69) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 174 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کرکے میچ کوجیت کے  قریب رکھا۔ملر نے کہا کہ ہم نے گزشتہ میچ میں اچھی ببیٹنگ نہیں کی۔ اس میچ میں بھی ہماری شروعات اچھی نہیں تھی لیکن ہم ایک بہت اچھی پارٹنرشپ بنانے میں کامیاب رہے اور آخر میں میچ بہت ہی مسابقتی رہا۔تاہم ملر نے اپنے بولروں  کے لیے نرم رویہ اختیار کیا۔انہوں نے کہا کہ میچ میں 400 سے زائد رنز بنائے گئے، میں بولرز پر زیادہ سختی نہیں کرنا چاہتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ بعض اوقات ہم اس منصوبے  پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کر پاتے تھے۔ورلڈ کپ سے پہلے ہم کچھ شعبوں میں بہتری لا سکتے ہیں، ہمارے پاس ابھی بھی وقت ہے۔
بھرے برساپارا اسٹیڈیم کا ذکر کرتے ہوئے ملر نے کہاہندوستان کو تماشائیوں کی حمایت حاصل تھی اور اس لیے ہندوستانی حالات میں کھیلنے کے لیے حریف کے طور پر یہاں آنا آسان نہیں ہے وہ بہت شور مچاتے ہیں۔ آپ اسے اپنے فائدے کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ بس ماحول سے لطف اندوز ہوں۔ آپ کو دنیا میں کہیں بھی ایسا ماحول نہیں ملتا۔میچ دو بار روکا گیا  پہلے جب ایک سانپ گراؤنڈ میں داخل ہوا اور پھر جنوبی افریقہ کی اننگز کے دوران فلڈ لائٹ چلی گئی لیکن ملر نے کہا کہ اس نے اسے اچھا وقفہ دیا۔یہ چیزیں ہمارے قابو سے باہر ہیں اور اس نے ہمیں یہ دیکھنے کا وقت دیا کہ پاور پلے میں واقعی کیا ہوا ہے۔اس سے ہمیں بات کرنے کے لیے کچھ وقت ملااور پھر وہاں سانپ تھا۔ میرا مطلب ہے کہ آج بہت کچھ ہو رہا تھا۔