Sunday, May 19, 2024
Homesliderممبئی اور چینائی میں آج حکمرانی ثابت کرنے کی دوڑ

ممبئی اور چینائی میں آج حکمرانی ثابت کرنے کی دوڑ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ دفاعی چمپین ممبئی انڈینس اور چینائی سوپر کنگس کے درمیان آج  یہاں کھیلے جانے والے مقابلہ میں روہت شرما کی قیادت اور سوریہ کمار یادو کی جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ فاف ڈوپلسی اور روتوراج گائک وارڈ کی جانب سے فراہم کی جانے والی برق رفتار شروعات توجہ کا مرکز ہوگی اور دو بڑی ٹیموں کے درمیان حکمرانی  ثابت کرنے کا مقابلہ ہوگا۔ دونوں ہی ٹیمیں اس وقت خطاب کی دعویدار ٹیموں میں شامل ہیں جہاں روہت شرما جنہوں نے پہلے ہی اپنی ٹیم کو پانچ مرتبہ خطاب جتواچکے ہیں وہ خطابات کا بھی چھکا لگانے کے لئے کوشاں ہوں گے تو دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کو ایک سے زائد مرتبہ آئی سی سی کے خطابات جتوانے والے کپتان مہیندر سنگھ دھونی گزشتہ سیزن متحدہ عرب امارات میں ٹیم کے مایوس کن مظاہروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مسلسل فتوحات کے نئے ریکارڈ کی سمت گامزن ہیں۔

 ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں  چینائی سوپر کنگس کو شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کے بعد اس نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور متواتر پانچ فتوحات حاصل کئے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے لئے اس کے جارحانہ اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کی فام میں واپسی خوش آئند ہے۔ ٹورنمنٹ میں ڈی کاک تاحال 117 رنز اسکور کئے ہیں لیکن راجستھان رائلس کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں یہاں انہوں نے ناقابل تسخیر 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہے۔

ممبئی انڈینس کا مڈل آرڈر بھی گزشتہ مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیا تھا حالانکہ اسے چینائی میں چیپک کے میدان پر جدوجہد کرتا دیکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں سوریہ کمار جنہوں نے تاحال 170 رنز اسکور کئے ہیں لیکن وہ بہتر شروعات کو ایک بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام ہیں۔ کرونال پانڈیا جن کے نام تاحال 68 رنز درج ہیں انہوں نے چند ایک مواقع پر بہتر اننگز کھیلی ہیں۔ کیرن پولارڈ بھی فی الحال صرف 81 رنز اسکور کر پائے ہیں لیکن گزشتہ مقابلہ میں انہوں نے اپنی برق رفتار بیٹنگ کی ایک جھلک دکھائی ہے جبکہ ہاردک پانڈیا بھی صرف 36 رنز ہی اسکور کر پائے ہیں۔

ممبئی کے لئے فاسٹ بولروں کی جوڑی جسپریت بمرا اور ٹرنٹ بولٹ انتہائی شاندار مظاہرے کررہے ہیں اور خاص کر اننگز کے آخری اوورس میں ان کی بولنگ قابل ستائش ہے اور چینائی کے خلاف مقابلہ میں حریف بیٹسمینوں کا ان کے خلاف امتحان ہو سکتا ہے۔ لیگ اسپنر راہول چہر 11 وکٹوں کے ساتھ ممبئی انڈینس کے لئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنے ہیں لیکن انہیں کرونال پانڈیا اور جینت یادو سے بہتر تعاون نہیں مل رہا ہے جیسا کہ گزشتہ مقابلہ میں یہ دونوں بولرس مہنگے ثابت ہوئے تھے۔ ممبئی کے لئے ایک اہم فیصلہ ثابت ہوسکتا ہے کہ وہ ایشان کشن کو ٹیم میں واپس طلب کرتے ہیں یا کلٹر نائل کے ساتھ ہی یہ مقابلہ بھی کھیلتے ہیں۔

دریں اثناءٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر فائز چینائی سوپر کنگس نے 6 مقابلوں میں 5 فتوحات حاصل کی ہیں جس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ اوپنر ڈوپلسی 270 رنز اور رتوراج 192 رنز کے ساتھ ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کررہے ہیں اور ممبئی کے خلاف بھی اس جوڑی سے ایک بہترین شروعات کی توقع کی جارہی ہے۔ چینائی کا مڈل آرڈر بھی رنز بنانے میں کامیاب ہے جیسا کہ معین علی 148 رنز کے ساتھ پنچ ہٹر کا کردار بہ خوبی نبھا رہے ہیں۔ ٹیم میں واپسی کرنے والے سریش رائنا نے تاحال 121 رنز اسکور کئے ہیں اور ان کی واپسی ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔ بعد ازاں امبتی رائیڈو 64 رنز اور رویندر جڈیجہ 109 رنز نے اپنے مظاہروں میں بہتری دکھائی ہے ۔

مہیندر سنگھ دھونی 37 رنز اسکور کئے ہیں اور ان سے ایک شاندار اننگز کی امید کی جاسکتی ہے۔ بولنگ شعبہ میں انگلش فاسٹ بولر سامکرن اہم بولر ثابت ہو رہے ہیں اور دیپک چہر 8 وکٹوں کے ساتھ پہلے مقام پر ہیں جبکہ کرن نے 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ علاوہ ازیں شردول ٹھاکر 6 وکٹوں کے ساتھ حریف ٹیم کی پارٹنر شپ کو توڑنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ رویندر جڈیجہ پانچ وکٹیں اور معین علی 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا احساس دلا رہے ہیں اور ممبئی کے خلاف یہ اسپنرس مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔