Tuesday, April 30, 2024
Homesliderممبئی میں  اسکول کے طلبہ کورونا سے متاثر ، تلنگانہ میں تشویش...

ممبئی میں  اسکول کے طلبہ کورونا سے متاثر ، تلنگانہ میں تشویش کی لہر

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں اب جبکہ اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیالیکن پڑوسی ریاستوں سے مایوس کن  خبریں آرہی ہیں جیساکہ مہاراشٹرا میں اسکولوں کی کشادگی ہوچکی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی طلبہ کا کورونا سے متاثر ہونا تشویش  کا باعث  ہے ۔جیسا کہ ممبئی میں ایک اسکول میں 95 طلبہ کے کورونا معائنہ کےلئے  آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا اس  کے بعد 22 طلبہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے  اور اسکول کی عمارت کو حکام کی جانب سے مہر بند کردیا گیا ہے۔

ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہاجا رہاہے کہ کلاسس میں طلبہ کی شرکت کو لازمی قرار دیا جائے گا  لیکن ممبئی کی اس خبر نے والدین کو پریشان کردیا ہے ۔جنوبی ممبئی کے بورڈنگ اسکول کے طلبہ میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کے بعد ان کے معائنہ کا فیصلہ کیا گیا اور برہین ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اسکول کے 95 طلبہ کا آرٹی پی سی آر ٹسٹ کیا  گیا  جس نے نتائج نے حکام کو پریشان کردیا ہے۔

جن میں 22 طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی اور انہیں مختلف دواخانوں میں شریک کروایا جاچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان میں 4 طلبہ ایسے ہیں جن کی عمر 12 سال سے کم ہے اور انہیں کسی طرح کے آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انہیں شہر کے نائر ہاسپٹل منتقل  کیا گیا ہے تاکہ ان کا بہتر علاج ہوسکے۔دریں اثناء 12 تا 18 سال عمرکے 12 طلبہ کورونا وائر س سے متاثر پائے گئے ہیں جنہیں کوویڈ کئیرسنٹر رچرڈسن میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

نیز 18سال سے زیادہ عمر کے 6 طلبہ ہیں جنہیں کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے اور ان طلبہ کو قرنطینہ کی مدت کی تکمیل اورعلاج کے لئے کروڈاس کمپنی کے احاطہ میں موجود کوویڈ کئیرسنٹر میں شریک کیا گیا ہے۔ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ کیرالہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے دیئے گئے مشورہ میں کہا گیا ہے وہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے متاثرہ علاقوں میں رات کے کرفیو کے نفاذکے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیں۔