Saturday, May 18, 2024
Homesliderمناسب کوریج نہ ملنے پر خاتون  ٹی وی اینکر کو قتل کرنے...

مناسب کوریج نہ ملنے پر خاتون  ٹی وی اینکر کو قتل کرنے کی  دھمکی

- Advertisement -
- Advertisement -

میکسیکو سٹی۔ میکسیکو میں ڈرگ مافیا نے مناسب کوریج نہ ملنے پر ایک مقامی چینل سے شکایت کرتے ہوئے اس کی خاتون اینکر کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو میں طاقتور ڈرگ مافیا نے ایک غیر معمولی اقدام میں ٹی وی کی نیوز اینکر کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے ۔وائرل کی گئی ایک ویڈیو میں اپنے چہروں کو چھپائے افراد بھاری اسلحہ اٹھائے ہوئے ایک شخص کے گرد کھڑے ہیں جو ایک کرسی پر بیٹھا پیغام پڑھ رہا ہے ۔ویڈیو میں وہ شخص دعویٰ کر رہا ہے کہ پیغام روبن اوسگیورا سروانتز المعروف ال منچو کی طرف سے ہے جو ڈرگ مافیا کے بڑے کارٹل جالسکو نیو جنریشن کا لیڈر ہے ۔ یہ بات واضح نہیں ہے کہ پیغام پڑھنے والا خود روبن اوسگیورا ہے یا نہیں ۔

پیغام میں ملک کے ایک بڑے ٹی وی چینل میلینیو سے شکایت کی جا رہی ہے کہ وہ میچواکان ریاست میں جالسکو کارٹل کے خلاف لڑنے والے گروپ کی حمایت کررہا ہے ۔اسلحہ بردار مافیا کی ویڈیو میں ٹی وی چینل کی خاتون اینکرمیلینو اورستی کا نام لے کر کہا جا رہا ہے کہ ان کو قتل کر کے اپنے ہی کہے الفاظ چبانے پر مجبور کیا جائے گا۔ویڈیو میں پیغام پڑھنے والا شخص الزام عائدکر رہا ہے کہ ان کے خلاف لڑنے والا گروپ دراصل ڈرگ ٹریفکنگ میں ملوث ہے جن کے پاس ایسا اسلحہ ہے جو صرف فوج کے زیر استعمال ہے ، ویڈیو میں ریاست میچواکان میں ایک دہائی قبل سیلف ڈیفنس فورس قائم کرنے والے ہیپولیٹو مورا کا نام بھی لیا گیا۔

ویڈیو میں خود کو جالسکو گروپ کا نمائندہ ظاہر کرنے والا شخص کہہ رہا ہے کہ ان کے پیغام کا مقصد اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنا نہیں بلکہ برابری کی بنیاد پر میڈیا کوریج کو یقینی بنانا ہے ۔میلینیو ٹی وی چینل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی خاتون صحافی کے ساتھ کھڑا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے میلینو اورستی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔چینل انتظامیہ کے بموجب  انہوں نے کبھی کسی گروپ کی حمایت نہیں کی۔علاوہ ازیں  صدارتی ترجمان جیسس رامریز کیواس نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں اور میڈیا کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔