Sunday, May 19, 2024
Homesliderمنیش نروال کی ریکارڈ سنہری کامیابی ،اڈانا کو سلور میڈل

منیش نروال کی ریکارڈ سنہری کامیابی ،اڈانا کو سلور میڈل

- Advertisement -
- Advertisement -

ٹوکیو۔ پیرا اولمپکس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے شاندار مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور آج ہندوستان کے منیش نروال نے مکسڈ 50 میٹر پسٹول ایس ایچ 1 نشانے بازی میں گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔دوسری جانب 39 سالہ سنگھ راج اڈانا کو سلور میڈل حاصل ہوا  ہے۔ 19 سال کے منیش نروال نے پیراولمپک کا ریکارڈ بناتے ہوئے 218.2 اسکور کیا۔ وہیں سنگھ راج اڈانا نے 216.7 نشانات حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ دونوں نشانے باز ہریانہ کے فرید آباد کے رہنے والے ہیں۔

 روسی اولمپک کمیٹی کے سرجیئی مالیشیوے نے 196.8 پوائنٹ کے ساتھ برونز میڈل  حاصل کیا ہے ۔ اس سے پہلے کوالیفائنگ مرحلے میں سنگھ راج اڈانا 536 پوائنٹ لے کر چوتھے اور منیش نروال 533 پوائنٹ لے کر ساتویں مقام پر رہے تھے۔ ہندوستان کے آکاش 27 ویں مقام پر رہ کر فائنل میں جگہ نہیں بناسکے۔

شاندار کامیابی کے بعد  وزیر اعظم نریندر مودی نے منیش نروال کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔اس کے ساتھ ہی ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کے میڈلس کی تعداد تادم تحریر 15 ہوگئی ہے۔ ہندوستان نے اب تک تین گولڈ، سات سلور اور پانچ برونز میڈل جیتے ہیں۔ ٹوکیو پیراولمپک میں نشانے بازی میں ہندوستان 5 میڈل جیت چکا ہے۔ 19 سالہ اوانی لیکھرا نے ایک گولڈ اور ایک برونز میڈل  اپنے نام کیا ہے۔ وہیں سنگھ راج اڈانا نے پیراولمپک کھیلوں میں 31 اگست کو پی 1 مرد 10 میٹر ایئر پسٹول ایس ایچ 1 میں برونز میڈل  جیتا۔ اوانی لیکھرا کی طرح ہی سنگھ راج بھی ٹوکیو پیراولمپک میں دو میڈلس اپنے نام کیا ہے۔

ایس ایچ 1 زمرے میں نشانے باز ایک ہی ہاتھ سے پسٹول پکڑتے ہیں کیونکہ ان کے ایک ہاتھ یا پیر میں معذوری ہوتی ہے، جو ریڑھ کی چوٹ یا عضو کٹ جانے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ کچھ نشانے باز کھڑے ہوکر تو کچھ بیٹھ کر نشانہ لگاتے ہیں۔علاوہ ازیں  منیش نروال سے پہلے بیجنگ اولمپک 2008 میں ابھینو بندرا ہندوستان کی طرف سے گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ منیش اولمپک اور پیرالمپک کھیلوں میں گولڈ جیتنے والے 8 ویں ہندوستانی ہیں۔