Saturday, May 18, 2024
Homesliderمودی میدان میں ٹسٹ دودن میں  ہی ختم ،ہندوستان 10 وکٹوں سے...

مودی میدان میں ٹسٹ دودن میں  ہی ختم ،ہندوستان 10 وکٹوں سے کامیاب

- Advertisement -
- Advertisement -

احمد آباد ۔ دنیا کے سب سے بڑے میدان اور ہندوستانی وزیر اعظم کے نام سے موسوم کئے گئے نریندر مودی اسٹیڈیم  میں ڈے نائیٹ ٹسٹ مقابلہ دوسرے دن کے تیسرے سیشن کے ابتدائی لمحات میں ہی ختم ہوگیا جہاں ہندوستان نے کامیابی کےلئے مطلوبہ نشانہ بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔

ہندوستان نے تیسرے ٹسٹ کے دوسرے دن 10 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے بلکہ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے امکانات کو بھی روشن کرلیا ہے  جوکہ لارڈز میدان میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ہی ٹسٹ کھیل رہے اکشر پٹیل کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو آج دوسری اننگز میں 81 رنز پر ڈھیر کردیا تھا جس کی وجہ سے ہندوستان کی پہلی اننگز کی سبقت کے بعد کامیابی کےلئے صرف 49 رنز کا نشانہ ملا چونکہ ہندوستان نے پہلی اننگز میں انگلینڈ کو 112 رنز پر آل آوٹ کرنے کےبعد اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز بنائے تھے جس کی بدولت ہندوستان کو پہلی اننگز میں 33 رنز کی سبقت ملی تھی ۔

اکشر پٹیل نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 81 تک محدود رکھنے میں اہم رول ادا کیا اور 32رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔اکشر نے مقابلے میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کی ۔شاندار بولنگ پر اکشر کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ قبل ازیں انگلش کپتان جیو روٹ نے بھی اسپنرز کےلئے سازگار وکٹ پر اپنی بولنگ کا جادو دیکھا تے ہوئے 8 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی اور ہندوستان کو ایک بڑے اسکور سے باز رکھتے ہوئے مقابلے میں دلچسپی پیدا کرنے کی شاندار کوشش کی اور جب ہندوستان 145 رنز پر آوٹ ہوا تو امید کی جارہی تھی کہ شاید انگلینڈ دوسری اننگز میں ایک بڑا اسکور بنائے گا جس سے مقابلے میں دلچسپی پیدا ہوگی لیکن انگلش بیٹسمینوں کی ایک اور مرتبہ ناکامی  نے مقابلے کو دوسرے ہی دن ختم کردیا۔