Sunday, May 12, 2024
Homesliderمودی کی بائیڈن سے گفتگو، میانمار کا ذکر بھی کیا

مودی کی بائیڈن سے گفتگو، میانمار کا ذکر بھی کیا

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن سے پیر کی شام فون پر گفتگو کی ۔ اس گفتگو کے دوران مودی نے علاقائی امور اور دونوں ملکوں کی ترجیحات سمیت میانمار کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے خود ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی ہے کہ میں نے جو بائیڈن سے بات کی اور انہیں کامیابی پر نیک خواہشات پیش کیں۔ ہم نے علاقائی اموراور مشترکہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف کوششوں میں اپنے تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

دریں اثنائ، وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والی اطلاعات کے بموجب ٹیلیفون پر ہوئی دونوں لیڈروں کی بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے آزاد اور سب کے لیے کھلے ہند۔ بحر الکاہل خطے کو فروغ دینے کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس میں علاقائی سالمیت ، نیوی گیشن کی آزادی اور مضبوط علاقائی تعمیرکی حمایت شامل ہے ۔ مودی اور بائیڈن نے میانمار میں جمہوریت کو واپس بحال کرنے پر بھی اتفاق کیا جہاں فوج نے اسٹیٹ کونسلر آنگ سان سوکی اور میانمار کے صدر ون مِینت کے خلاف تختہ پلٹ کے بعد ایک سال کے لئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔

اس کے ساتھ ہی دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اپنی اتفاق کیا کہ امریکہ اور ہندوستان عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے مل کر کام کریں گے اور موسمیاتی تبدیلیوں پر اپنی شراکت کی تجدید کریں گے ۔ اس کے علاوہ دونوں لیڈروں نے کہا ہے کہ ہم عالمی معیشت کو اس انداز میں ازسرنو بنائیں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو۔ دونوں لیڈروں نے عالمی دہشت گردی کے بحران کے خلاف مل کر کھڑے ہونے پر بھی مکمل اتفاق کیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق بات چیت کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی دنیا بھرکے جمہوری اداروں اور اصولوں کے تحفظ کے لئے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اقدار ہند۔ امریکہ تعلقات کی مشترکہ بنیاد ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بائیڈن کے صدر کے عہدے کا حلف لینے کے بعد دونوں رہنماؤں کے مابین یہ پہلی گفتگو ہے ۔ اس سے قبل مودی نے صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد بھی جو بائیڈن کو نیک خواہشات پیش کی تھیں حالانکہ کے صدارتی انتخابات کے دوران مودی نے ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کی تھی ۔