Sunday, May 19, 2024
Homesliderمودی کے دورہ کرناٹک پر ہائی الرٹ،اگنی پتھ احتجاج کا خدشہ

مودی کے دورہ کرناٹک پر ہائی الرٹ،اگنی پتھ احتجاج کا خدشہ

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔ کرناٹک پولیس ہائی الرٹ موڈ پر ہے کیونکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگنی پتھ اسکیم پرکرناٹک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی ریلیوں کے دوران احتجاج پھوٹ پڑ سکتا ہے۔مودی ڈیڑھ سال کے بعد ریاست کے 2 روزہ دورے پر آرہے ہیں۔ وہ پیر کو صبح 11.55 بجے بنگلورو یلہنکا انڈین ایئر فورس بیس پرپہنچیں گے۔ مودی 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے سمیت بنگلورو اور میسور شہروں میں منعقد 10 پروگراموں میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے پروگراموں کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی محکمہ پولیس نے 10,000 سے زیادہ پولیس عہدیداروں کو تعینات کیا ہے۔ توجہ کامگھٹہ عوامی تقریب پر مرکوز ہوگی جہاں پی ایم مودی ایک بڑی ریلی سے خطاب کررہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی کارکنوں کے بہانے احتجاجی کمماگھٹہ کے مقام پر داخل ہوسکتے ہیں جہاں پی ایم مودی ایک زبردست ریلی سے خطاب کررہے ہیں اور اگنی پتھ اسکیم کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کئی تنظیموں نے احتجاج کا  اعلان  کیا ہے۔

جن راستوں سے وزیر اعظم کا قافلہ گزرنے والا ہے ان کی پولیس عہدیدار اتوار سے نگرانی کر رہے ہیں۔ دکانوں کو بند کرنے کے لیے کہا گیا ہے اور آس پاس کے اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی کا اعلان کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کرنے کے اقدام کی مذمت کی ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ کیا طلباء کو دہشت گردسمجھا جا رہا ہے؟

بنگلورو پولیس کمشنر پرتاپ ریڈی خود حفاظتی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دو ایڈیشنل پولیس کمشنر، 2 جوائنٹ پولیس کمشنر، 12 ڈی سی پیز، 30 اے سی پیز، 80 پولیس انسپکٹر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے میدان میں ہوں گے۔ محکمہ پولیس نے شہر بھر میں 10,000 سے زائد پولیس عہدیداروں کو تعینات کیا ہے۔