Tuesday, April 30, 2024
Homesliderمہاراشٹرا میں 17 اگسٹ سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلے واپس لے...

مہاراشٹرا میں 17 اگسٹ سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلے واپس لے لیا گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے بچوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی تشویش ناک خبریں آرہی ہیں اور جہاں اسکولس چل رہے وہاں کے حالات خراب ہونے کےبعد جن ریاستوں میں اسکولس کی کشادگی کے فیصلے کئے گئے تھے وہ  فیصلے بھی اب واپس لئے جارہے ہیں ۔

مہاراشٹر حکومت نے کوویڈ19 ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے۔ پہلے یہ اعلان ہوا تھا کہ  مہاراشٹرا میں اسکول 17 اگست سے کھولے جائیں گے ۔ چیف سکریٹری سیتارام کنٹے کی صدارت میں اسکولوں کو پھر سے کھولنے پر فیصلہ لینے کے لیے ٹاسک فورس کے اراکین، تعلیم اور صحت محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ کچھ ضلع کلکٹرس کی صدارت میں ہوئے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ کورونا کی تیسری لہر کی آمد کے اندیشہ اور اسکولی بچوں کو کورونا انفیکشن سے بچانے کی خاطریہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ دیہی علاقوں کے کچھ اسکولس، جہاں کورونا وائرس سے کوئی خطرہ نہیں ہے، کام کرنا جاری رکھیں گے۔ وہیں ریاست کے دیگر سبھی اسکول جو مارچ 2020 سے بند ہیں، ان اسکولوں کو فی الحال 17 اگست سے پھر سے شروع نہیں کیا جائے گا۔ اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہا ہے  کہ پنجاب جیسی کچھ دیگر ریاستوں میں، جہاں اسکولوں کو پھر سے کھولنے کی اجازت دی گئی تھی، وہاں بچوں میں کورونا انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ چونکہ انفیکشن کی زد میں آنے والے بچوں کے لیے کوئی ٹیکہ دستیاب نہیں ہے، اس لیے اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ فوراً نہیں لیا جانا چاہیے۔

نواب ملک نے کہا ہے کہ اب ٹاسک فورس، محکمہ تعلیم کے عہدیدار ملاقات کریں گے اور اس معاملے پر چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے، جو اس مسئلے پر آخری فیصلہ لیں گے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں اس وقت 7ویں  اور 8 ویں جماعت کے طلبا کو کووڈ پابندیوں کے ساتھ آف لائن کلاسز کی اجازت ہے، لیکن چھوٹی جماعتوں کے طلبا آئندہ حکم تک اسکولوں میں نہیں لوٹ پائیں گے۔