Sunday, May 19, 2024
Homesliderمہنگائی ، بے روزگاری  اور جی ایس ٹی کے خلاف کانگریس کا...

مہنگائی ، بے روزگاری  اور جی ایس ٹی کے خلاف کانگریس کا احتجاج کئی لیڈر گرفتار

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی کانگریس نے جمعہ کو مہنگائی، بے روزگاری اور کئی کھانے پینے کی اشیاء کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کے خلاف احتجاج کیا، جس کے بعد پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ پارٹی کے مظاہرے میں شریک رہنماؤں نے سیاہ لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس سے راشٹرپتی بھون تک مارچ کیا۔ تاہم پولیس نے اسے درمیان میں روک کر اپنی تحویل میں لے لیا۔
کانگریس نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔اس کے تحت کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے ممبران اور پارٹی کے سینئر لیڈروں نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤکرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس کے لیے کئی پارٹی لیڈران اور کارکنان کانگریس ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے تھے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے گھیراؤ پروگرام میں شرکت کے لیے 24 اکبر روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچیں، جہاں سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔کالے رنگ کی سلوار قمیض اور دوپٹہ میں ملبوس پرینکا نے پارٹی ہیڈکوارٹر کے سامنے پولیس کی طرف سے لگائی گئی رکاوٹ کو عبور کیا اور دوسری طرف پہنچ کر سڑک پر دھرنے پر بیٹھ گئیں۔ کچھ دیر بعد پولیس نے انہیں  اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس دوران کانگریس کارکنوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
پارلیمنٹ ہاؤس سے پارٹی ممبران پارلیمنٹ کے مارچ شروع ہونے سے پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی بھی اس میں کچھ دیر کے لیے شامل ہوئیں۔
حراست میں لیے جانے سے پہلے راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ ملک میں جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا یہ خود مختار حکومت خوفزدہ محسوس کر رہی ہے۔ ہندوستان کی حالت سے، کمر توڑ مہنگائی اور تاریخی بے روزگاری سے، ہماری پالیسیوں کی تباہی سے۔ جو سچ سے ڈرتا ہے وہی آواز اٹھانے والوں کو دھمکی دیتا ہے!‘‘
پرینکا نے الزام لگایا اتنی مہنگائی ہے کہ ہر کوئی تکلیف میں ہے۔مودی جی نے پورے ملک کی جائیداد بیچ دی۔ دو چار لوگ امیر ہو رہے ہیں جبکہ پورا ملک مصیبت میں ہے۔ وہ (وزیر) مہنگائی نہیں دیکھتے کیونکہ ان کے پاس بے تحاشہ  پیسہ ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ٹویٹ کیا آج ایک بار پھر کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کو مہنگائی، بے روزگاری اور جی ایس ٹی کے خلاف احتجاج کرنے کے جمہوری حق سے محروم کردیا گیا۔ ہمیں وجے چوک پر ایک پولیس وین میں بٹھایا گیا۔ ایک بات تو صاف ہے، ڈرنے والے ہی ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں!‘‘