Sunday, May 19, 2024
Homeٹرینڈنگمیوات میں کانگریس کے تمام مسلم امیدوار کامیاب ، بی جے پی...

میوات میں کانگریس کے تمام مسلم امیدوار کامیاب ، بی جے پی کا دامن تھامنے والے  مسلمانوں کو شکست

- Advertisement -
- Advertisement -

چندی گڑھ ۔ ان دنوں ہریانہ انتخابات کے نتائج اور بی جے پی کے برغلاف دیگر جماعتوں کے مظاہروں پر عوام کی نظریں جمی ہوئی ہیں کیونکہ بی جے پی نے ہریانہ میں 75 کے پار کا نعرہ لگایا تھا جو کامیاب نہیں ہوسکا جبکہ گزشتہ کی بہ نسبت اس مرتبہ کانگریس اور اس کے مسلم نمائندوں نے بہتر مظاہرہ کیا جس میں میوات کا علاقہ سرفہرست ہے ۔

ہریانہ کے مسلم اکثریتی ضلع نوح (میوات ) میں کانگریس کے امیدواروں نے شاندار مظاہرہ کیا ہے اور یہاں کی تینوں نشتوں سے اس کے امیدوار کامیاب ہوئے  ہیں۔ کانگریس کے کامیاب تمام امیدوار مسلمان ہیں اور میو برادری  سے تعلق رکھتے ہیں۔سال 2014 کے اسمبلی انتخابات میں میوات کی دو نشستوں پر آئی این ایل ڈی (انڈین نیشنل لوک دل) جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔ بی جے پی نے میوات سے دو مسلم امیدوار کو میدان میں اتارا  اور دونوں کو ہی شکست  کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نوح اسمبلی نشست سے بی جے پی نے حال ہی میں آئی این ایل ڈی کا ساتھ چھوڑ کر آنے والے یاسین خان خاندان سے تعلق رکھنے والے ذاکر حسین کو امیدوار بنایا تھا۔ ذاکر حسین کو کانگریس کے آفتاب احمد نے 4038 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ واضح رہے کہ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں ذاکر حسین نے آفتاب احمد کو 32796 ووٹوں سے ناکام کیا تھا۔

فیروز پور جھرکہ نشست  پر کانگریس نے ممن خان نے کامیابی حاصل کی ہے اور بی جے پی کے امیدوار نسیم احمد کو 37004 ووٹوں سے شکست دی  ہے ۔نسیم احمد نے سال 2014 میں آئی این ایل ڈی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا اورکامیابی حاصل کی تھی۔

میوات کی پونہانہ نشست سے کانگریس کے محمد الیاس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے آزاد امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی رئیس خان کو محض 816 ووٹوں سے شکست دی۔ واضح رہے کہ رئیس خان 2014 میں آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اترے تھے اور انہوں نے محمد الیاس کو شکست دی تھی۔ بعد میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے لیکن بی جے پی نے انہیں اس مرتبہ امیدوار نہیں بنایا۔ رئیس خان اس کے بعد آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترے اور محمد الیاس کو سخت ٹکر دی۔