Saturday, May 18, 2024
Homeٹرینڈنگنئی نسل کو اردو سکھانے کے لئے موبائل ایپ متعارف کرنے کا...

نئی نسل کو اردو سکھانے کے لئے موبائل ایپ متعارف کرنے کا فیصلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

سری نگر۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ کونسل نئی نسل کو اردو کی طرف راغب کرنے اور اردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والوں کے لئے عنقریب ایک موبائل ایپ متعارف کرنے والا ہے ۔ موبائل ایپ پر کام جاری ہے اور یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپ ہوگا۔ نئی نسل اردو کی طرف زیادہ راغب نہیں ہورہی ہے ، ہماری کوشش ہے کہ ان کی اردو میں دلچسپی پیدا ہو، اس کے لئے کونسل بہت سارے پروگرام کررہا ہے اور نئی نسل کی موبائل کے ساتھ گہری وابستگی کے پیش نظر ہم ایک موبائل ایپ متعارف کریں گے جس سے نئی نسل اردو کی طرف راغب ہوگی اور اردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والے ارود سیکھ سکیں گے ۔

اردو کے فروغ کے لئے شروع کی جانے والی موبائل ایپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا اس موبائل ایپ کے اندر اردو سیکھنے کے جتنے بھی پہلو ہیں انہیں شامل کیا جائے گا جیسے کسی بڑے فلمی ادکار یا اداکارہ کے ایک ایک یا دو دو منٹوں پر اردو کے حق میں تاثرات ہوں گے ، اس کے بعد اردو سیکھنے کے لئے ہمارے پاس جوکتابیں ہیں ان کے ہر باب کو ایک ایک کرکے سکھایا جائے گا، اردو کے حروف تہجی کو پڑھنا اور لکھنا سکھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ اردو اچھی طرح سیکھ لیں گے تو موبائل ایپ میں شعراءکرام کی اچھی اچھی غزلیں فراہم کی جائیں گی انہیں سکھایا جائے گا، مثلاً اگر کوئی علامہ اقبال کی غزل سننا چاہتا ہے تو غزل نہ صرف لکھی ہوگی بکہ اس کو آواز میں پڑھا بھی جائے گا تاکہ اس کی ادائیگی کو بھی سیکھا جاسکے ۔

ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ اسی طرح موبائل ایپ میں چھوٹے چھوٹے افسانے اور بچوں کے افسانے بھی شامل کئے جائیں گے ، افسانے بھی لکھے ہوں گے اور انہیں پڑھا بھی جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ کس لفظ کا کیا تلفظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سے بہترین شعراءکی ایک فہرست بھی مرتب کی جائے گی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے انہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔’اس موبائل ایپ میں ایک پروویژن ایسا بھی ہوگا جس میں ملک کے نوجوان شعراءسے اپنا کلام اپ لوڈ کرنے کو کہا جائے گا اور پھر ان میں سے جن دس بارہ شعرا کا کلام معیاری وبہتر ہوگا ان کی ایک فہرست مرتب کی جائے گی اور انہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے اور ان کے لئے ایک مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ، اس طرح ان کی ہمت افزائی بھی ہوگی اور وہ آگے بھی بڑھ سکیں گے ، اسی طرح افسانہ نگاروں سے بھی کہا جائے گا کہ وہ اپنے افسانے پڑھ کر اپ لوڈ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوئے تو نئی نسل موبائل پر ہی اردو سیکھ سکتی ہے اور غزلیں بھی سن سکتے ہیں۔اس موبائل ایپ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کہ یہ موبائل اپ کب تک متعارف ہوسکتی ہے ، کے جواب میں ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا اس پر کام جاری ہے متعلقین کو ایک مکتوب بھیج دیا گیا ہے ، اُن کے ساتھ دس پندرہ دنوں کے اندر اندر ایک اجلاس کریں گے اور پھر لائحہ عمل مرتب کریں گے جس کو بہت جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں   گروپ ایڈیٹر نیوز 18 نیٹ ورک راجیش رینہ کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے اور ان سے بھی کافی مشورے حاصل کئے گئے ہیں۔