Thursday, May 16, 2024
Homesliderنئے سال کی تقاریب ، ہیلمٹ میں چھپا کر منشیات منتقل کرنے...

نئے سال کی تقاریب ، ہیلمٹ میں چھپا کر منشیات منتقل کرنے کی کوشش ناکام

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی ) کے ممبئی زونل دفتر نے گزشتہ دو دنوں میں آٹھ کارروائیاں کیں اور تقریباً 10 کلو گرام متعدد منشیات اور سائیکو ٹراپک اشیاء ضبط کیں، جن کی غیر قانونی مارکیٹ میں قیمت 13 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ آئیوری کوسٹ کے ایک شہری کو این سی بی نےاس  سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔ پکڑی گئی منشیات جن میں بنیادی طور پر ایمفیٹامائن اور افیون شامل ہیں جو  کورئیر پارسلز کے ذریعے یورپ، امریکہ، خلیجی ممالک اور آسٹریلیا کے مختلف مقامات پر اسمگل کی جانی تھی۔

این سی بی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ نئے سال کی تقریبات کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے سامان کی اسمگلنگ کی جا رہی تھی۔ این سی بی ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے کہا کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ دو دنوں میں آٹھ کارروائیاں  کیے اور ممبئی بھر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی  کے دوران تقریباً 2.296 کلو گرام ایمفیٹامائن، 3.906 کلوگرام افیون، 2.525 کلو گرام (10،000 سے زائد گولیاں) زولپیڈیم ضبط کی گئیں۔ اندھیری، ڈونگری اور دیگر علاقوں میں کچھ کورئیر سروس فراہم کرنے والوں کے دفاتر سمیت خانگی مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

 وانکھیڑے نے مزید کہا کہ ضبط کی گئی ایمفیٹامائن ممبئی میں تیار کی گئی ہے، جبکہ افیون مدھیہ پردیش سے لائی جانے کا شبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ کارٹیل نے گزشتہ دو مہینوں میں منشیات بیرون ملک بھیجی ہیں، کیونکہ وہ اس دوران بہت فعال تھے۔ ایجنسی کو یہ بھی شبہ ہے کہ کارٹیل انتہائی منظم اور نفیس تھا۔ انہوں نے ایسا طریقہ استعمال کیا جس کے بارے میں ہم نے نہیں سنا۔ ریکیٹ کے ارکان بڑی چالاکی سے منشیات کوا سٹیتھواسکوپ، سائیکل کے ہیلمٹ، اوون، ہوز پائپ، چوڑیاں، ہارڈ ڈسک اور کھانے پینے کی اشیاء، کارن فلیکس، سنیک مکس اور دیگر گھریلو اشیاء کے پیکٹوں میں چھپا کر اسمگل کر رہے تھے۔ این سی بی کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ منشیات آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سوئٹزرلینڈ، دبئی، مالدیپ اور دیگر یورپی ممالک سے موصول ہونے والے آرڈرز کو پورا کرنے کے لیے فراہم کی جا رہی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے ایک جان بکائیوکو کو اس کے کردار کا پتہ چلنے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ وہ کم از کم تین معاملات میں مشترکہ کڑی ہے۔ اس نے کوریئرز بک کروائے تھے اور وہ ہندوستان میں غیر ملکی کارٹیلوں کے لیے اہم کردار  تھا۔ غیر ملکی سے جعلی شناختی کارڈ اور دو پاسپورٹ بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ اسے ریمانڈ کے لیے چہارشنبہ  کو عدالت میں پیش کیا  گیا۔