Friday, May 17, 2024
Homeبین الاقوامینوجوانوں کو امارات کا مفت ویزا

نوجوانوں کو امارات کا مفت ویزا

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے 18 سال یا اس سے کم عمر نوجوانوں کے لئے مفت ویزا پالیسی متعارف کرادی۔ اب دنیا بھر کے وہ نوجوان جن کی عمر 18 سال یا اس سے کم ہے وہ ویزا فیس کی ادائیگی کے بغیر متحدہ عرب امارات جا سکتے ہیں۔ خیلیج ٹائمز کے مطابق نوجوانوں یا نابالغ افراد کے لئے مفت ویزا پالیسی کی مدت 2 ماہ تک جاری رہے گی اور دنیا کے تمام ممالک کے افراد اس سے سہولت حاصل کر سکیں گے۔پالیسی کے تحت 15 جولائی تا 15 ستمبر تک دنیا بھر کے 18 برس یا اس سے کم عمر کے نوجوانوں کو متحدہ عرب امارات کا ویزا حاصل کرنے کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ حکومتی پالیسی کے تحت اس عرصے کے دوران آنے والے کم عمر افراد کو مفت وزٹ ویزا فراہم کیا جائے گا۔

اس پالیسی سے نہ صرف تنہا متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے کم عمر افراد فائدہ حاصل کر سکیں گے بلکہ وہ خاندان بھی استفادہ حاصل کرسکیں گے جو یو اے ای کا دورہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کے افراد میں 18 سال سے کم عمر نوجوان موجود ہیں، اس پالیسی کے تحت 18 سال یا اس سے کم عمر فرد کی ویزا فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔حکومت نے ہر سال 2 ماہ کے لئے 18 سال یا اس سے کم عمر افراد کے لیے مفت ویزا پالیسی کا اعلان 2018 میں کیا تھا اور رواں برس سے اس کا اطلاق کیا جا رہا ہے۔حکام کو توقع ہے کہ 2 ماہ کے لیے مفت ویزا پالیسی سے متحدہ عرب امارات میں سیاحت میں اضافہ ہوگا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ گرمیوں کے 2 ماہ میں 18 سال یا اس سے کم عمر افراد کے لیے مفت ویزا سے پاکستان، ہندوستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور دیگر قریبی ممالک سے بڑی تعداد میں لوگ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔