Thursday, May 9, 2024
Homesliderنیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو شکست دی

نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو شکست دی

- Advertisement -
- Advertisement -

ڈیونیڈن : ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں میزبان نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز چار رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 5 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دوسری مرتبہ شکست دی ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا کیونکہ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز اسکور کئے اور جوابی اننگز میں آسٹریلیائی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز اسکور کر پائی۔

 آسٹریلیا کی شروعات ناقص رہی لیکن میڈل آرڈر میں مارکس اسٹونس نے 37 گیندوں میں 7 چوکوں اور 5 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 78 رنز اسکور کئے جبکہ ڈینیل سیمس نے 15 گیندوں میں دو چوکوں اور 4 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 41 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کی امیدوں کو برقرار رکھا لیکن آخری لمحات میں نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں کی کامیابی حاصل کی۔ اسٹونس اور سیمس کے درمیان 6.1 اوور میں 92 رنز کی پارٹنر شپ بنی جس میں تقریباً مقابلہ کو آسٹریلیا کے حق میں کردیا تھا۔ آسٹریلیا کو آخری اوور میں صرف 15 رنز درکار تھے۔ نیوزی لینڈ نے آخری اوور جیمی نیشم کو دیا اور انہوں نے کپتان کے اس فیصلہ کو صحیح ثابت کیا کیونکہ انہوں نے اس آخری اوور سے قبل مقابلہ میں کوئی اوور نہیں ڈالا تھا۔

 نیشم نے پہلی ہی گیند پر سیمس کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد اسٹونس اگلی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بنا سکے لیکن چوتھی گیند پر انہوں نے چھکا لگایا۔ آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے آخری دو گیندوں میں 9 رنز درکار تھے۔ اگلی گیند پر انہوں نے اسٹونس کی بھی وکٹ حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ نے اس کامیابی کے ذریعہ پانچ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اوپنر مارٹن گپٹل کے 97 رنز کی بدولت شاندار اسکور کھڑا کیا۔ نیوزی لینڈ نے اس مقابلہ میں اپنے اوپنر کی جانب سے ایک اور ریکارڈ قائم کیا جیسا کہ گپٹل نے ٹی ﺅٹنٹی بین الاقوامی مقابلہ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے اور انہوں نے اس دوڑ میں روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا۔ روہت شرما کے نام 127 چھکے درج ہیں جبکہ گپٹل نے اس مقابلہ میں 8 چھکے لگاتے ہوئے اپنے نام مجموعی طور پر 132 چھکوں کا نشانہ درج کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں کین ولیمسن نے 53 رنز کی اننگز میں 3 چھکے لگائے اور دونوں کے درمیان 131 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔