Thursday, May 9, 2024
Homesliderورلڈ ٹور فائنلس میں سندھو اور سری کانت پر نظریں

ورلڈ ٹور فائنلس میں سندھو اور سری کانت پر نظریں

- Advertisement -
- Advertisement -

بنکاک : ہندوستان کے صف اول کے کھلاڑیوں میں شامل پی وی سندھو اور کدمبی سریکانت کو گذشتہ ہفتہ کئے جانے والے ناقص مظاہروں کو پس پشت ڈالتے ہوئے کل یہاں شروع ہونے والے ایچ ایس بی سی بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنلس میں بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا۔

عالمی چمپئن اور اولمپک میں ہندوستان کیلئے سلور میڈل حاصل کرنے والی پی وی سندھو جنہوں نے یہاں 2018ءمیں خطاب حاصل کیا تھا، اس مرتبہ وہ گروپ بی میں سرفہرست چینی تائی پائی کی کھلاڑی ژو ینگ کے علاوہ مقامی اور خطاب کیلئے پسندیدہ کھلاڑی رٹ چانو ان ٹانون کے ساتھ شامل ہیں۔ سندھو نے کورونا بحران کے بعد بین الاقوامی بیڈمنٹن میں واپسی کی لیکن ان کی واپسی امیدوں کے مطابق نہیں رہی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران لندن میں پریکٹس کی ہے لیکن اس کا تھائی لینڈ اوپن میں انہیں کچھ زیادہ فائدہ نہیں ہوا اور ایشیائی علاقوں میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلہ کے ٹورنمنٹ میں انہیں پہلے ہی راونڈ میں ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ گذشتہ ہفتہ دوسرے ایونٹ میں بھی سندھو کو سابق عالمی نمبر ایک رٹ چانوک کے خلاف کوارٹر فائنلس میں شکست برداشت کرنی پڑی حالانکہ انہوں نے تھائی لینڈ اوپن کے مقابلہ میں ژوینگ کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں سابق عالمی نمبر ایک سریکانت کو گروپ بی میں ڈنمارک کے اینڈرس اینٹوسن، چین کے وانگ ژو وی اور ہانگ کانگ کے کالانگ ہنگوس کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

سریکانت جنہوں نے 2014ءمیں سوپرسیریز ماسٹرس فائنلس کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جس کے بعد میدان پر ان کے مظاہرے امیدوں کے مطابق نہیں رہے۔ تھائی لینڈ اوپن کے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ سے قبل انہوں نے پنڈلی میں تکلیف کے باعث مقابلہ سے دستبرداری اختیار کی تھی جبکہ گذشتہ ہفتہ منعقدہ ایونٹ میں انہیں ان کے ساتھی کھلاڑی بی سائی پرنیت کا کورونا ٹسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں بھی اس ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔ مذکورہ ہندوستانی کھلاڑیوں کا حریف کھلاڑیوں کے خلاف مظاہرے برابری کے رہے اور کئی مقابلے مسابقتی رہے ہیں۔

سندھو کا ژویانگ کے خلاف ریکارڈ 5-15 کا مایوس کن ہے جیسا کہ انہیں گذشتہ دو مقابلوں میں اپنی حریف کے خلاف ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ اس کے علاوہ رٹ چانوک کے خلاف بھی ان کا ریکارڈ 5-4 کا ہے۔ آخری مرتبہ دونوں کے درمیان گذشتہ ہفتہ کوارٹر فائنل مقابلہ ہوا تھا جس میں سندھو کو شکست برداشت کرنی پڑی۔ گروپ میں سندھو کی تیسری حریف پورن پاوی ہے، جن کے خلاف سندھو کا ریکارڈ 3-1 سے بہتر ہے۔ ان دونوں کے درمیان 2019ءمیں آخری مقابلہ ہوا تھا جہاں سندھو نے کامیابی حاصل کی۔