Friday, May 17, 2024
Homesliderورلڈ کپ میں بھونشیور کمار کا اہم رول ہوگا:لکشمن

ورلڈ کپ میں بھونشیور کمار کا اہم رول ہوگا:لکشمن

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بولر بھونیشور کمار کا آئندہ برس منعقد شدنی ٹی 20ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ہوگا ، بشرطیکہ ان کے کام کے بوجھ کو صحیح انداز میں آگے بڑھایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآبادی سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے کیا اور کہا کہ ہندوستان میں منعقد شدنی ورلڈ کپ میں بھونیشور کمار کا اہم کردار ہوگا ، کیونکہ وہ گذشتہ برس آئی پی ایل میں زخمی ہونے کے بعد دورہ آسٹریلیا سے بھی محروم ہوئے تھے ۔ تاہم اب وہ مکمل صحت یابی کے بعد میدان میں واپسی کےلئے تیار ہیں ۔ بھونیشور کمار کو انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی محدود اوور کی سیریز کےلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

 لکشمن نے اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ کنکٹیڈ پروگرامس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمار کی مکمل فٹنس کے ساتھ واپسی پر میں بہت خوش ہوں کیونکہ وہ ایک بہترین بولر ہے اور خاص کر کے سفید گیند سے کھیلی جانے والی کرکٹ میں وہ کافی اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جسپریت بمرا کے علاوہ ٹیم میں اگر کوئی تجربہ کار بولر ہے جو کہ نہ صرف نئی گیند سے بلکہ آخری اوورس میں بھی بہترین بولنگ کرسکتا ہے تو وہ کمار ہیں ۔ اترپردیش کے تعلق رکھنے والے کمار نے آخری مرتبہ ڈسمبر 2019ءمیں ٹی 20کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ہندوستان کی نمائندگی نہےں کرپائے ۔ کمار اس وقت واپسی کررہے ہیں لیکن انہیں صدفیصد فٹنس کے ساتھ بولنگ کےلئے تیار رکھنے میں انتظامیہ کا بھی اہم رول ہوگا کیونکہ کمار کے بولنگ بوجھ کو صحیح انداز میں آگے لے جانا ضروری ہے ۔

 لکشمن نے انگلینڈ کے خلاف جمعہ کو احمدآباد میں شروع ہونے والی پانچ مقابلوں کی ٹی 20سیریز میں دو مقابلوں سے زیادہ کمار کی شرکت کی امید نہےں کی بلکہ کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کمار تمام پانچ مقابلے نہیں کھیلےں گے اور انہیں اس دوران آرام بھی دیا جائے گا ۔ لکشمن نے اس کے علاوہ یہ بھی کہا ہے کہ اننگز کے آغاز کےلئے روہت شرما کے ساتھ کے ایل راہول کو ان کا ساتھی بنانا چاہیئے حالانکہ اننگز کے آغاز کےلئے شکھر دھون موجود ہیں ۔ لکشمن کے بموجب یہ انتہائی سخت ترین فیصلہ ہے کہ کس طرح ایک تیسرے اوپنر کو استعمال کیا جائے گا ۔ لکشمن نے مزید کہا کہ راہول نے گذشتہ چند برسوں کے دوران شاندار مظاہرہ کیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ انتظامیہ نے جب کبھی راہول کو اننگز کے آغاز کا موقع دیا انہوں نے شاندار مظاہرے کئے ہیں ۔ آئی پی ایل کے علاوہ وجئے ہزارے میں شاندار مظاہرہ کرنے کے باوجود دھون کو محفوظ اوپنر کے طور پر رکھا گیا ہے ۔