Saturday, May 11, 2024
Homesliderورلڈ کپ کی تیاری ، انگلینڈ کے خلاف ہندوستان ٹی20 سیریز کےلئے...

ورلڈ کپ کی تیاری ، انگلینڈ کے خلاف ہندوستان ٹی20 سیریز کےلئے تیار

- Advertisement -
- Advertisement -

ساوتھمپٹن ۔ ہندوستان جمعرات سے یہاں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے دوران ورلڈ کپ کے لیے اپنے بہترین قطعی گیارہ کھلاڑیوں کی ٹیم کو حتمی شکل دینے کے لیے تجرباتی راستے ترک کرے گا ۔ کپتان روہت شرما جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کے بعد برمنگھم میں پانچویں ٹسٹ سے باہر کردیا گیا تھا، وہ یہاں پہنچیں اور توقع ہے کہ وہ سیریز کا پہلا میچ کھیلیں گے۔ ٹسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی جس میں ویراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ، رویندرا جڈیجہ ، شریاس ایر اور رشبھ پنت دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے ٹیم میں شامل ہوں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں رتوراج گائیکواڈ اور سنجو سیمسن جیسے کھلاڑیوں کو خودکو ثابت کرنے کا ایک اور موقع ملے گا اور وہ آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے طور پر اپنے دعوے کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔
گائیکواڑ آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں میں ایشان کشن کے ساتھ معمولی چوٹ کی وجہ سے اننگز شروع نہیں کر سکے اور روہت کی واپسی پر انہیں دوبارہ باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے۔کشن نے اپنے مواقع سے متاثرکیا ہے اور وہ انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اچھی اننگزکھیل کر ٹیم کے محفوظ اوپنر کے طور پر اپنے دعوے کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔کوہلی کے دوسرے میچ سے تیسرے نمبر پر واپسی کرنے کی توقع کے ساتھ، دیپک ہڈا ایک اور میچ جیتنے والی اننگز کھیل کر اپنی قابلیت کو ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔ آئرلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 47 رنز اور سنچری کے ساتھ ہڈا نے یقینی طور پر ٹیم انتظامیہ کو متاثرکیا ہے۔ راہول ترپاٹھی اور ارشدیپ سنگھ جو اپنے ڈیبیوکا انتظار کر رہے ہیں، ان کو دوسرے اور تیسرے ٹی 20 کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور ان کے پہلے میچ میں کھیلنے کا موقع ملنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
زخموں سے صحت یابی کے بعد آئرلینڈ کے خلاف واپسی کرنے والے سوریا کمار یادیو مالہائیڈ میں اپنی تال تلاش نہیں کر سکے اور انگلینڈ کے خلاف اچھی اننگز کھیلنے کی امید کر رہے ہیں۔ وہ اور ہڈا نے گزشتہ ہفتے ڈربی شائر کے خلاف وارم اپ میچ میں اچھا کھیلا۔ فاسٹ بولر عمران ملک آئرلینڈ کے خلاف بڑے اسکور والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آخری اوور میں 17 رنز کا دفاع کرنے کے بعد پراعتماد ہوں گے۔ تاہم انہیں اپنی بولنگ کو مزید درست بنانے کی ضرورت ہے۔ تجربہ کار بھونیشور کمار اور ہرشل پٹیل کے خلاف آئرلینڈ کے بیٹرس نے کافی رنز بنائے تھے اور انہیں انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو روکنے مزید بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ یوزویندر چہل کو روی بشنوئی کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کی توقع ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کو تقریباً 15 ٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔ موجودہ سیریز میں تین میچوں کے علاوہ ٹیم 29 جولائی سے 7 اگست تک ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ اور اگست ستمبر میں ایشیا کپ میں تقریباً پانچ میچ کھیلے گی۔ ہندوستان کو ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلنا ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ساتھ ہندوستان ورلڈ کپ کے لیے اپنی بہترین الیون کی شناخت کا عمل شروع کرے گا۔
بٹلر کی قیادت میں انگلش ٹیم کی نئی شروعات
انگلینڈ کے لیے یہ سیریز جوس بٹلر کے دورکا آغاز کرے گی، جنہیں ایان مورگن کی سبکدوشی کے بعد محدود اوورزکی ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ بین اسٹوکس اور ہندوستان کے خلاف پانچویں ٹسٹ کے ہیرو جونی بیرسٹو کو سیریز سے آرام دیا گیا ہے تاہم انگلینڈ کے پاس مخالف بولنگ شعبہ کو تباہ کرنے کے لیے کافی قابل بیٹرس موجود ہیں۔ بٹلر اور لیام لیونگسٹون انڈین پریمیئر لیگ کے دوران زبردست فارم میں تھے اور اسی فارم کو جاری رکھنا چاہیں گے۔ورلڈ کپ کے تناظر میں بٹلر کی قیادت پر بھی سب کی نظریں ہوں گی کیونکہ قیادت کی زیادہ ذمہ داری اور بیٹنگ دونوں کا فام برقرار کھنا آسان نہیں ہوگا۔