Sunday, May 19, 2024
Homesliderونڈے میں 12 ہزاررنز کی دوڑ ، کوہلی نے سچن کو پیچھے...

ونڈے میں 12 ہزاررنز کی دوڑ ، کوہلی نے سچن کو پیچھے چھوڑدیا

- Advertisement -
- Advertisement -

کینبرا ۔ونڈے کرکٹ میں 12 سال سے زیادہ کا عرصہ گذارنے والے ہندوستانی کپتان اور رن مشین وراٹ کوہلی ونڈے میں سب سے تیز 12 ہزار رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ۔ انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیکرکرکٹ کے لیجنڈ سچن تندوولکر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ونڈے میچ میں اپنی63 رنز کی اننگز میں23 واں رن اسکور کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا۔ کوہلی نے اننگز اور وقت کے لحاظ سے سچن کا ریکارڈ توڑا۔تین میچوں کی سیریز شروع ہونے سے پہلے کوہلی کو اس ریکارڈ تک پہنچنے کے لئے133 رنز درکار تھے ۔ کوہلی نے پہلے میچ میں21 ، دوسرے میچ میں89 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے تیسرے میچ میں اپنی اننگز کا 23 واں رن بناتے ہی ایک نیا ریکارڈ بنایا۔ کوہلی ونڈے میں 12 ہزار رنز تک پہنچنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے آخری میچ میں تینوں فارمیٹس میں22 ہزار رنز بھی مکمل کئے ۔

ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے 12 ہزار رنز تک پہونچنے میں300 اننگز کھیلی اور13 سال 73 دن لگائے جبکہ کوہلی نے 12 ہزاررنز کیلئے 242 اننگز کھیلی جس میں 12 سال 106 دن لگے ۔ یاد رہے کوہلی نے اپنے ونڈے کریئر کا آغاز18 اگست 2008 کوکیا تھا۔اس سے قبل پانچ کھلاڑی ونڈے میں12 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔ سچن نے463 میچوں میں18426 رنز ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے 404 میچوں میں14234 رنز ، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ نے375 میچوں میں 13704 رنز ، سری لنکا کے سنت جئے سوریہ نے 445 میچوں میں13430 رنز اور سری لنکا کے ہی مہیلا جے وردھنے نے 448 میچوں میں 11867 رنز بنائے ۔

گذشتہ ماہ 5 نومبرکو اپنی32 ویں سالگرہ منانے والے کوہلی نے سیریز کا دوسرا میچ کھیلتے ہی ونڈے میں 250 میچ مکمل کر لئے تھے اور یہ کارنامہ انجام دینے والے آٹھویں ہندوستانی کھلاڑی بن گئے تھے ۔سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی ، راہول ڈارویڈ ، محمد اظہرالدین ،سورو گنگولی ، یوراج سنگھ اور انل کمبلے نے ہندوستان کیلئے 250 یا اس سے زیادہ ونڈے میچز کھیلے ہیں۔دوسرے میچ میں کوہلی نے ایک اور سنگ میل طے کیا اور ان کے تینوں فارمیٹس میں22 ہزار رنز مکمل ہوگئے ۔کوہلی نے تینوں فارمیٹس کے 419 میچوں میں22074 رنز بنائے ہیں۔ تینوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سچن کے نام ہے ، جنہوں نے664 میچز میں34357 رنز بنائے ہیں۔