Sunday, May 19, 2024
Homesliderوکٹوریہ کو پہلے ہی مقابلے میں شکست،بارٹی اور نڈال کامیاب

وکٹوریہ کو پہلے ہی مقابلے میں شکست،بارٹی اور نڈال کامیاب

- Advertisement -
- Advertisement -

ملبورن : ریکارڈ 21 ویں خطاب کا تعاقب کررہے سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال اور خاتون زمرہ میں موجودہ نمبر ایک کھلاڑی بارٹی نے سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں آسان کامیابی کے ساتھ پیشقدمی جاری رکھی ہے۔ گرانڈ سلام کے آغاز سے قبل نڈال کو فٹنس کے مسائل درپیش تھے لیکن انہوں نے 56 ویں مقام کے کھلاڑی لاسلو جیرے کو باآسانی راست سیٹوں میں 6-3,6-4,6-1 سے شکست دی۔ نڈال کو پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں کامیابی کیلئے دو گھنٹے بھی میدان میں وقت گزارنے کی نوبت نہیں آئی۔

کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے نڈال نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں قبل میری پیٹھ میں تکلیف تھی اور اس تکلیف سے چھٹکارہ کیلئے میں نے گذشتہ مقابلوں سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ نڈال نے مزید کہا کہ وہ امید کررہے ہیں کہ مقابلوں کے دوران جن دنوں میں آرام ملے گا پیٹھ کی تکلیف مزید بہتر ہوجائے گی۔

 نڈال کا دوسرے مرحلہ میں مقابلہ امریکی کوالیفائر کھلاڑی مائیکل موہ سے ہوگا جنہوں نے سخت ترین مقابلہ میں وکٹر ٹروسکی کو 7-6 (3), 6-7 (3), 3-6, 7-6 (3), 6-5 سے شکست دی۔ چوتھے درجہ کے ڈینیل میڈی ڈیو نے اپنی فتوحات کے سلسلہ کو 15 مقابلوں تک بڑھا دیا ہے جیسا کہ انہوں نے واسک کو 6-2,6-2,6-4 سے شکست دی۔ خاتون زمرہ میں دفاعی چمپئن صوفیہ کینن نے پہلے مقابلہ میں جدوجہد کی تاہم انہوں نے 133 ویں مقام کی کھلاڑی میڈیسن انگلس کو 7-5,6-4 سے شکست دی جبکہ عالمی نمبر ایک ایش برٹی نے ڈنکاکووی لک کو راست سیٹوں میں 6-0,6-0 سے شکست دی۔

 گذشتہ برس بارٹی کو سیمی فائنل میں کینن کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ دیگر مقابلوں میں سابق چمپئن وکٹوریہ ایزرنکا کو مقابلہ کے دوران سانس کی تکلیف بھی ہورہی تھی جس کے بعد انہیں مقابلہ میں امریکہ کی کھلاڑی جسیکا کے خلاف 7-5,6-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ایک اور خطاب کی دعویدار کھلاڑی سلون اسٹیفنس کو 26 ویں مقام کی کھلاڑی یولیا کے خلاف 4-6,6-2,6-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔