Saturday, May 18, 2024
Homeبین الاقوامیویزٹ ویزا پر آنے والوں کو سعودی میں گاڑی چلانے کی اجازت

ویزٹ ویزا پر آنے والوں کو سعودی میں گاڑی چلانے کی اجازت

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض ۔ سعودی عرب نے ویزٹ ویزاپر آنے والوں کے لیے وسیع البنیاد سہولتوں کا اعلان کیا ہے جن میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس پر سعودی عرب میں گاڑی چلانے کی اجازت بھی شامل ہے۔ویزٹ ویزوں پر سعودی عرب آنے والوں کو یہ سہولت بھی خود کار طریقے پر حاصل ہوگئی ہے کہ وہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس پر سعودی عرب میں گاڑی چلا سکتے ہیں۔

ہزاروں مسافرین جہاں فضائی اور سمندری راستے سے آتے ہیں وہیں زمینی  راستے سے بھی سعودی عرب آتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ویزٹ ویزوں پر آنے والے اگر ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے تو سعودی ٹریفک قانون ان پر بھی نافذ ہوگا۔ محکمہ ٹریفک نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی قسم کے ویزٹ ویزے پر آنے والے نے کوئی ٹریفک خلاف ورزی کی ہوگی تو وہ اس وقت تک سعودی عرب سے باہر نہیں جاسکتا جب تک اس خلاف ورزی کا جرمانہ ادا نہ کردے۔

سعودی محکمہ ٹریفک نے ویزٹ ویزوں پر مملکت آنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ خلاف ورزیوں کی صورت میں جرمانے اور قید کی سزا سے محفوظ رہیں۔محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر توجہ دلائی کہ سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزیوں کا اندراج خود کار نظام کے تحت ہو رہا ہے۔ اگر کسی نے کوئی ٹریفک خلاف ورزی کی تو ویزٹ ویزے پر آنے والے کوسعودی عرب  سے واپسی سے قبل جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔

علاوہ ازیں سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ کے لیے لائسنس ہمراہ رکھنا ضروری ہے۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق لائسنس کی میعاد ختم ہوجانے سے قبل ہی اس میں توسیع کروانا لازمی ہے۔بغیر لائسنس کے گاڑی چلانا یا زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے پر جرمانہ ہے۔ جو شخص بھی زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ گاڑی چلائے گا اس پر 300 تا 500 ریال تک کا جرمانہ عائد ہوگا۔

محکمہ ٹریفک نے مزید کہا کہ موثر لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا جرم ہے۔ خواتین و مرد دونوں کو جرمانے کی سزا ہوگی ۔ جرمانہ لائسنس ختم ہونے کی تاریخ کے 60 روز بعد شمار کیا جائے گا۔محکمہ ٹریفک نے نے مزید کہا کہ ٹریفک عہدیدار  اور ساھر سسٹم کے تحت خلاف ورزی پر کم از کم جرمانہ ریکارڈ کیا جاتا ہے تاہم مخصوص حالات میں انتہائی جرمانے سے بھی شروعات کی جاسکتی ہے۔ انتہائی جرمانے کا فیصلہ وزیر داخلہ کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی ہی کرسکتی ہے۔اگر کسی نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیےبغیر گاڑی چلائی یا اس سے ڈرائیونگ لائسنس ضبط کیے جانے کے بعد گاڑی ڈرائیو کی یا بریک اور لائٹس کے بغیر گاڑی چلائی یا خود ساختہ نمبر پلیٹ استعمال کرکے گاڑی چلائی تو ان تمام صورتوں میں بھاری جرمانہ ہوگا جو ایک ہزار تا دو ہزار ریال کے درمیان وصول کیا جائے گا۔