Saturday, April 27, 2024
Homesliderٹالی ووڈ سوپر اسٹار کرشنا 79 سال کی عمر میں چل بسے

ٹالی ووڈ سوپر اسٹار کرشنا 79 سال کی عمر میں چل بسے

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ معروف ٹالی ووڈ اداکارکرشنا کا دل کا دورہ پڑنے کے بعد منگل کی علی الصبح حیدرآباد کے ایک دواخانہ  میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ وہ 79 سال کے تھے ۔ ۔ تلگو فلم انڈسٹری کے آخری لیجنڈز میں سے ایک سوپر اسٹار کرشنا نے کانٹی نینٹل اسپتال میں آخری سانس لی، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اتوار کی رات دیر گئے داخل کروایا گیا تھا ۔ڈاکٹروں کے مطابق انہیں  بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا لیکن سی پی آر کے 20 منٹ بعد انہیں دوبارہ ہوش میں لایا گیا ۔ انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور ان کی حالت تشویشناک تھی۔کرشنا کے بیٹے اور مقبول اداکار مہیش بابو اور خاندان کے دیگر افراد دواخانہ  میں موجودتھے۔

گھٹامنینی سیوا راما کرشنا مورتی یا کرشنا، جیسا کہ وہ مشہور تھے، پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر میں 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے چند فلمیں پروڈیوس اور ڈائریکٹ بھی کیں۔31 مئی 1942 کو آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع کے بوری پلیم میں پیدا ہونے والے کرشنا نے 1960 کی دہائی کے اوائل میں چھوٹے کرداروں کے ساتھ فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ انہوں نے مرکزی اداکار کے طور پر 1965 میں ریلیز ہونے والی فلم تھینے ماناسولو سے ڈیبیو کیا، جو ہٹ ہوئی۔گڈاچاری 116 (1966)، ایک جاسوسی فلم سوپر ہٹ ثابت ہوئی، جس نے کرشنا کو سب سے زیادہ چاہنے والے اداکاروں میں سے ایک بنا دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انہیں 20 فلموں کی پیشکش ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے کم از کم چھ جیمز بانڈ جیسی فلموں میں کام کیا۔

ساکشی (1967) نے تاشقند فلم فیسٹیول میں تنقیدی پذیرائی حاصل کی۔ ان کی 1972 کی فلم پندنتی کپورم کو اس سال تلگو میں بہترین فیچر فلم کا قومی فلم ایوارڈ ملا۔کرشنا کو بہت سی تاریخی فلموں کے لیے جانا جاتا ہے جیسے کہ الوری سیتھاراما راجو (1974)، جو ٹالی ووڈ کی پہلی سینما اسکوپ فلم تھی، ایناڈو (1982)، پہلی ایسٹ مین کلر فلم اور سمہاسنم (1986)، پہلی 70 ایم ایم  فلم تھی ۔سوپر اسٹار نے 1970 میں پدمالیہ اسٹوڈیو کی بنیاد رکھی اور کچھ انتہائی کامیاب فلمیں بنائیں۔ کرشنا نے 1965 میں اندرا دیوی سے شادی کی۔ ان کے دو بیٹے ہیں  جن میں مہیش بابو اور تین بیٹیاں تھیں۔ 1969 میں انہوں نے اداکار وجے نرملا سے شادی کی اور ان سے ایک بیٹا پیدا ہوا۔ وہ 2019 میں انتقال کر گئیں۔

ستمبر میں اپنی اہلیہ اندرا دیوی کی موت کے بعد سے سوپر اسٹار کو افسردہ بتایا گیا تھا۔ اس سال کے شروع میں انہوں نے اپنے بڑے بیٹے رمیش بابو کو کھودیا۔کرشنا سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قریبی مانے جاتے تھے۔ انہوں نے 1984 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور لیجنڈری اداکار این ٹی راما راؤ اور ان کی تیلگو دیشم پارٹی کے ناقد تھے۔ کرشنا نے این ٹی آر اور ان کی حکومت پر تنقید کرنے والی چند فلمیں بنائی تھیں۔کرشنا 1989 میں ایلورو سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے لیکن 1991 میں اسی حلقے سے الیکشن ہار گئے۔ راجیو گاندھی کے قتل کے بعدکرشنا نے خود کو سیاست سے دور کرلیا ، انہیں 2003 میں این ٹی آر نیشنل ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈز ملے۔ 2009 میں انہیں ہندوستانی سنیما میں ان کی خدمات کے لیے پدم بھوشن سے نوازا گیا۔