Saturday, May 11, 2024
Homesliderٹریفک چالانات پر ون ٹائم ڈسکاؤنٹ بمپر آفر ثابت ہوا، عوام کو...

ٹریفک چالانات پر ون ٹائم ڈسکاؤنٹ بمپر آفر ثابت ہوا، عوام کو راحت حکومت کا خزانہ بھرنے لگا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ ریاست تلنگانہ میں اس وقت سب سے بڑی خبر ٹریفک چالانات پر75 فیصد رعایت ہے اور حکومت کا یہ فیصلہ ایک بمپر ڈرا ثابت ہوا ہے کیونکہ ایک جانب عوام کو راحت ملی ہے تو دوسری جانب چند گھنٹوں میں ہی سرکاری خزانہ میں کروڑہا روپئے جمع ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے بموجب یکم مارچ کو جب اس پیشکش پر عمل آوری شروع ہوئی تو صرف چند گھنٹوں میں ہی سرکاری خزانہ میں 1.77 کروڑ روپئے جمع ہوئے ہیں اورفی منٹ700 چالانات کی رقم جمع کی جارہی ہے ۔

یادر ہےکہ  شہر کے حیدرآباد، سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے زیر التواء چالانات پر ون ٹائم ڈسکاؤنٹ یعنی رعایت دینے کا اعلان کیا  گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر اے وی رنگاناتھ نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور متوسط طبقات انتہائی متاثر ہوئے ہیں اور انسانی بنیادوں پر چالانات کی رقومات میں کمی کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف شہر میں 500 کروڑ روپے کے چالانات یعنی 1.75 کروڑ چالانات زیر التواء ہیں اور اس اسکیم کے ذریعہ عوام کو راحت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ رنگاناتھ نے کہا کہ گاڑی  کے 85 فیصد چالانات کا تعلق سماج کے متوسط اور اس سے کم طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے ٹو وہیلرس اور آٹوز سے ہے۔ گاڑیوں  کی زمرہ بندی کے ساتھ ڈسکاؤنٹ کی تجویز پیش کی گئی جس کے مطابق ٹو وہیلرس اور آٹوز زیر التواء چالانات کا اگر 25 فیصد ادا کرتے ہیں تو ماباقی 75 فیصد زیر التواء چالانات معاف کردیئے جائیں گے۔

 اڈیشنل کمشنر ٹریفک کے بموجب یہ چالانات آن لائن یعنی پے ٹی ایم، گوگل پے اور فون پے کے ذریعہ ادا کئے جاسکتے ہیں، اس کے علاوہ اپنے قریب کے می سیوا کے ذریعہ بھی چالانات کی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔ یکم تا 30 مارچ تک یہ اسکیم جاری رہے گی اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بروقت چالانات کی ادائیگی کریں۔ اتناہی نہیں تلنگانہ کے ای چالان ویب سائٹ کے ذریعہ بھی جرمانہ کی رقم ادا کی جاسکتی ہے ۔