Wednesday, May 15, 2024
Homeٹرینڈنگٹریفک کے نئے قانون کا اثر،عوام اور پولیس میں تصادم

ٹریفک کے نئے قانون کا اثر،عوام اور پولیس میں تصادم

- Advertisement -
- Advertisement -

پٹنہ۔ ٹریفک کے نئے قانون کے متعارف ہونے کے بعد سے جہاں ریاستی حکومتوں کو پریشانی لاحق ہے وہیں عوام  اور پولیس عہدیداروں کے درمیان تصادم کے مناظر بھی دیکھنے میں آرہے ہیں ۔  نئے قانون نافذ ہونے کے بعد پٹنہ سمیت پوری ریاست میں ٹریفک انتظامیہ ایک طرف جہاں پولس چیکنگ مہم میں تیزی لاتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے گاڑی چلارہے لوگوں پر کارروائی کرکے جرمانے کی شکل میں موٹی رقم وصول کررہی ہے وہیں پولیس اور عوام کے درمیان تنازعات کی خبریں بھی لگاتار جو موصول ہورہی ہیں۔

 پٹنہ کے اکزبیشن روڈ میں گاڑی چیکنگ کے دوران لوگ مشتعل ہوگئے ۔ پبلک اور پولیس کےدرمیان  جم کر مار پیٹ کی خبر ہے۔ چیکنگ کررہی پولس گاڑی پر نمبر پلیٹ اور شیٹ بیلٹ نہیں ہونے پر لوگوں نے سوال کھڑا کردیااور کہا کہ قانون سب کے لئے ہے۔ اسی بات پر پولیس اور عوام کے درمیان  نوک جھونک شروع ہوگئی۔ مشتعل لوگوں نے انتہائی مصروف ترین اکزبیشن روڈ کو جام کردیا۔ بعدمیں کسی طرح سے جام کو ختم کروایاگیا۔

واضح رہے  کہ یکم ستمبر سے نافذ ترمیمی موٹر ویکل قانون کے بعد سے پولیس انتظامیہ کے ساتھ ہی عام لوگ بھی چوکس ہیں۔ اس قانون  کی خلاف ورزی کرنے پر بطور جرمانہ لوگوں کو بڑی رقم ادا کرنی پڑرہی ہے۔ جس کی وجہ سے قانون نہ  ماننے والے مشکل میں پڑگئے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹرانسپورٹ محکمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاست میں صرف 38فیصد لوگ ہی ہیلمیٹ استعمال کرتے  ہیں اس فیصد کو جلد سے جلد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس ہفتہ ہیلمیٹ چیکنگ پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔