Friday, May 10, 2024
Homeاسپورٹسٹیلرکی برق رفتار سنچری، نیوزی لینڈ نے ناکامیوں کا سلسلہ توڑا ،...

ٹیلرکی برق رفتار سنچری، نیوزی لینڈ نے ناکامیوں کا سلسلہ توڑا ، ہندوستان کوشکست

- Advertisement -
- Advertisement -

ہیملٹن۔ جارحانہ اورتجربہ کار بیٹسمین را س ٹیلر کی ناقابل شکست 109رنزکی شاندار سنچری ، اوپنرہنری نکولس (78) اورکپتان ٹام لاتھم (69)کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندستان کو پہلے ونڈے میچ میں چار وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 0۔1کی سبقت حاصل کرلی ۔ نیوزی لینڈ نے ٹی 20سیریز میں 0۔5کی شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ونڈے سیریز میں شاندار شروعات کی اور ہندوستان کے ہمالیائی اسکورکوحاصل کرلیا۔

ہندوستان نے شریئس ائیر کی سنچری کے علاوہ وکٹ کیپر لوکیش راہول اورکپتان ویراٹ کوہلی کی نصف سنچریوں سے چار وکٹ پر 347 رنز بنایالیکن ہندستانی بولروں کی بے سمت بولنگ کی وجہ سے اس اسکور کا دفاع نہیں کیاجاسکا۔ ٹیلر نے 84گیندوں میں 10چوکوں اورچار چھکوں کی مددسے ناٹ آؤٹ 109رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت نیوزی لینڈنے 48.1 اوور میں چھ وکٹ پر 348 رنز بناکر میچ جیت لیا۔ٹیلر کوانکی ناٹ آؤٹ سنچری کی وجہ سے مین آف دی میچ قراردیاگیاہے ۔

قبل ازیں شریس ائیر(103) کی بہترین سنچری، لوکیش راہول ناٹ آؤٹ(88) اورکپتان وراٹ کوہلی(51) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں چار وکٹ پر347 رنزکا ہمالیائی اسکور بنا لیا تھا۔ ٹاس ہار کر بیٹنگ کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی جانب سے شریس نے 107 گیندوں پر ایک چھکا اور11 چوکوں کی مدد سے اپنی پہلا بین الاقوامی ونڈے سنچری بنائی ۔ ٹی20 سیریز میں اوپننگ کرنے کے بعد ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں پانچویں نمبر پر راہول نے اپنی لاجواب فارم کو برقرار رکھتے ہوئے64 گیندوں کی اننگز میں چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے برق رفتار88 رنزبنائے ۔

راہول اور شریس کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے 136 رنز کی بڑی شراکت کی۔ روہت شرما اورشکھر دھون کی غیر موجودگی میں اننگز کا آغاز کرنے اترے مینک اگروال اور پرتھوی شا نے ہندوستان کو بہترین شروعات دلائی اور دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 50 رنز کی شراکت کی۔ پرتھوی شاکچھ خاص نہیں کر سکے اور20 رنز بناکرکولن ڈی گرینڈہوم کا شکار بنے ۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان وراٹ نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن محض چار رن بعد مینک بھی ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے اور پویلین لوٹ گئے ۔ مینک اگروال نے 31 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد 32 رن بنائے ۔

کوہلی اور شریس نے بہترین مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 102 رنز کی بڑی شراکت ہوئی۔ کوہلی نے 63 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 51 رن بنائے اور وہ لیگ اسپنر ایش سودھی¸ کا شکار بنے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے10 اوور میں85 رنز دے کر سب سے زیادہ دو وکٹ، گرینڈہوم نے آٹھ اوور میں41 رنز دے کر ایک وکٹ اور ایش سودھی نے اپنے چار اوورز میں27 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔