Monday, May 13, 2024
Homesliderٹینک بنڈ کی خوبصورتی میں اضافہ کی حکومت کی کوشش عوام کی...

ٹینک بنڈ کی خوبصورتی میں اضافہ کی حکومت کی کوشش عوام کی جان کےلئے خطرہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کی خوبصورتی میں اضافہ اور عوام کو راحت پہنچانے کے بے مثال اور ان گنت ثبوت دونوں شہروں میں جگہ جگہ موجود ٹینک بنڈ جن میں ایک مقام حیدرآباد اور سکندرآباد کو جوڑنے والا پل ٹینک بنڈ ہے۔نظام کے عہد میں تعمیر کردہ یا مقام عوام کی سہولت کے علاوہ تفریحی مقام بھی رہا ہے اور اسے تلگو دور حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر انجہانی چیف منسٹر این ٹی راما راؤ نئے انداز سے سجایا تھا ۔

جو لوگ ٹینک بند یا حسین ساگر کے پل پر سے روزآنہ گزرتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ اس وقت بھی اس کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنانے کےلئے تعمیری کام جاری ہے۔حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایچ ایم ڈی اے) ٹینک بنڈ کی سڑک کے دونوں طرف کی خوبصورتی میں اضافہ  کرنے میں مصروف ہے اور تعمیری کاموں کو تیز رفتار سے انجام دے رہی ہے۔

بارشوں کے پانی کی تیزی سے نکاسی کے لئے نالیوں کا ایک مناسب نظام بنانے کے لئے جدید راستوں کی فراہمی کی جارہی ہے ، تاکہ پانی کے جمع ہوجانے کا مسئلہ باقی نہ رہے۔ ٹینک بنڈ کے فٹ پاتھوں سے چلنے والی برقی کیبلز ، آپٹیکل فائبر اور دیگر کیبلز کے لئے علیحدہ راستے فراہم کئے جارہے ہے۔ ایچ ایم ڈی اے حکام نے کہا کہ اس سے  زیادہ مسائل  پیدا کیے بغیر کیبل کی مرمت کی جاسکتی ہے۔

ٹینک بنڈ پر ہونے والی اس تجدید کاری کی لاگت. 14.50 کروڑہے۔ خوبصورت اور دلفریب نظارے پیش کرنے والے لائٹ کے کھمبے ، فرنیچر فراہم کرنے کے علاوہ  چھوٹے کاروباراور ثقافتی سرگرمیاں ٹینک بنڈ کی عظمت بڑھیں گی۔

ایک جانب ٹینک بنڈ کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے پر حکومت اپنا مال، وقت اور مزدور اپنی توانائی اورجان لگارہے ہیں تو دوسری جانب شاید اس کے خطرناک اور منفی پہلوکو نظر انداز کردیا گیاہے جو عوام کی جان لے سکتا ہے ۔ٹینک بنڈ کی خوبصورتی میں اِضافہ عوام کی جان لے سکتا ہے کیونکہ ٹینک بنڈ دراصل حیدرآباد اور سکندآباد کو جوڑنے والا ایک راستہ ہے جس پر ہر لمحہ سینکٹروں گاڑیاں تیز رفتار سے گزرتی ہیں اور جب ٹینک بنڈ کی نئی تصویر سامنے آئے گی تو عوام کی زیادہ تعداد اس کا نظارہ کرنے ٹینک بنڈ کا رخ کرے گی جہاں حادثات کے بڑھنے کا خطرہ ہے۔

ٹینک بنڈ کو اب ایک تفریحی  مقام کی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے حالانکہ وہ ایک راستہ ہے اور راستہ میں تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان یہ دیکھا گیا ہے  لوگ احتیاط کے بغیر ہی سڑک کے ایک سے دوسرے کنارے جانے کی کوشش کرتے ہیں اور سڑک  اس انداز میں پار کرتے ہیں کہ کسی بھی لمحہ وہ کسی بھی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا کر اپنی اور گاڑی چلانے والے دونوں کی زندگی کو خطرہ میں ڈالتے ہیں۔

حکومت کو اس سمت توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ جب راستے کو تفریحی مقام میں تبدیل کرنے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جارہا ہے تو یہاں تفریحی کے لئے آنے والے عورتوں   اور بچوں کے ساتھ گاڑیوں کے ذریعہ اپنی منزل کی طرف تیزی سے دوڑنے والے مسافروں کے ایک دوسرے سے نہ ٹکرانے کے انتظامات کیا ہیں؟اور ان قواعد کو بھی واضح کرنا ہوگا کہ حکومت نے ٹینک بنڈ پر تفریحی کی غرض سے آنے والی عوام اورگاڑیو ں پر تیزی سے اپنی اپنی منازل کی طرف تیزی سے دوڑنے والے  مسافروں  کو سڑک حادثات سے بچانے کےلئے کیا اقدامات کئے ہیں؟

ٹینک بنڈ کی خوبصورتی سے زیادہ انسانوں کی زندگی کی بقا  زیادہ اہم اور خوبصورت ہے کیونکہ ٹینک بنڈ پرتفریح کی غرض سے آنے والے عوام کےلئے سڑک عبور کرنے کا کوئی محفوظ طریقہ نہیں ہے اور دیکھا جاتا ہے کہ لوگ اپنی جان کو خطرہ میں ڈال کر سڑک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے پر جانے کی کوشش کرتے ہیں اور وہ اس کوشش کی دوران کسی بھی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا سکتے ہیں۔

حذیفہ ارقم