Saturday, May 18, 2024
Homesliderٹی آر ایس اس مرتبہ سنچری بنائے گی

ٹی آر ایس اس مرتبہ سنچری بنائے گی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے خیرات آباد اور جوبلی ہلز کے متعدد روڈ شوز میں بڑے اجتماعات سے خطاب کیا اور ان عزائم کا اظہار کیاہے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ان کی پارٹی کامیابی کی سنچری مکمل کرے گی ۔ ورکنگ صدر کے ہمراہ وزیر اور ڈویژن انچارج اندراکرن ریڈی اور ایم ایل اے دانم ناگیندر بھی موجود تھے۔

کے ٹی آر نے کہا  کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی سربراہی میں  ٹی آر ایس حکومت نے شہری غریبوں کی ضروریات کی تکمیل کے لئے بستی  دواخانہ اور اننا پورنا کینٹین قائم کی ہیں جس سے غریب عوام کو آسان علاج اور کھانا دستیاب ہورہا ہے ۔ انہوں نے یہ مزید کہا کہ بڑی عالمی کمپنیوں نے ٹی آر ایس حکومت کی پیش کردہ ترقی پسندانہ پالیسیاں اور اسکیمیں دیکھ کر حیدرآباد میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اس سے ہمارے نوجوانوں کے لئے بہت سے روزگار پیدا ہو رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت آج کیشو پورم آبی ذخائر کی تعمیر کررہی ہے جس سے حیدرآباد میں 2050 تک پانی کی ضروریات پوری ہونے کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر پر تنقید  کی جس نے ٹی آر ایس حکومت سے متعلق چارج شیٹ جاری کی۔

لوگوں کو 15 لاکھ روپے دینے میں ناکام ہونے پر بی جے پی پر 132 کروڑ کی چارج شیٹ دائر کی جانی چاہیئے۔ ملک کے نوجوانوں کو ہر سال دو کروڑ نوکریاں پیدا نہ کرنے کی پاداش میں بی جے پی پر مزید 12 کروڑ چارج شیٹ دائر کی جائیں۔  کے ٹی آر نے  مزید کہا کہ آپ ہم پر چارج شیٹ کیوں جمع کروائیں گے؟ کیا آپ اننا پورنا سنٹرز ، سی سی ٹی وی کیمرے ، ایل ای ڈی لائٹس ، یا بجلی کے مسائل اور پانی کے مسائل حل کرنے کے لئے ، یا حیدرآباد میں سرمایہ کاری لانے کے لئے چارج شیٹ داخل کریں گے؟

 کے ٹی آر نے کہا کہ یہ ٹی آر ایس قائدین تھے جو کوویڈ اور حیدرآباد کے سیلاب کے دوران لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑے تھے جبکہ بی جے پی اور کانگریس قائدین کہیں اور مصروف تھے۔ کے ٹی آر نے کہا  کہ حیدرآباد میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں ساڑھے 6 لاکھ خاندانوں کو فی کس  10،000 روپے کی مالی امداد دی گئی تھی لیکن اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پروگرام بند کروادیا ہے ۔ تاہم  4 دسمبر کے بعد  ہم اس پروگرام کو جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے متاثرہ افراد کو مالی مدد ملے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ کے ٹی آر نے کہا  کہ بی جے پی قائدین بارش سے متاثرہ خاندانوں کو 25،000 روپے دینے کا وعدہ کررہے ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم کہ آج انھیں وعدہ سنانے سے کیا روک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین ٹرپل ڈرائیونگ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور غلط یقین دہانی کر رہے ہیں کہ جی ایچ ایم سی چالان ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کو انتخابات سے قبل ہی بھاگیہ لکشمی مندر یاد ہے۔