Thursday, May 16, 2024
Homesliderٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد غیریقینی

ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد غیریقینی

ملبورن ۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران رواں برس آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد غیریقینی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق رواں برس 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جانا ہے اور اس سے قبل حکام نے  کہا کہ وہ ان تاریخوں میں ایونٹ کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
چیئرمین کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ کورونا وائرس اور سفری پابندیوں کی وجہ سے کئی بین الاقوامی سرحدیں ابھی تک بند ہیں۔ ایونٹ کے انعقاد کا امکان تیزی سے کم ہو رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو باضابطہ طور پرمنسوخ یا ملتوی نہیں کیا گیا اورموجودہ صورت حال میں 16 ٹیموں کو آسٹریلیا بلانا جہاں بیشتر ممالک میں کووڈ 19 تیزی سے اوپر جا رہا ہے، میرا خیال ہے کہ یہ غیر حقیقی ہے، یا یہ بہت زیادہ مشکل ہو جائے گا۔
ایرل ایڈنگز نے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اس حوالے سے آئی سی سی کے سامنے کئی ایک متبادل تجاویز  رکھی ہیں۔آئی سی سی ہمارے مشوروں پر اجلاس منعقد کر رہی ہے، اس ایونٹ کا رواں برس انعقاد ایک طرح سے ہوتا نظر نہیں آ رہا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چیف ایگزیکٹو نِک ہوکلے جنہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیئرمین کا عہدہ سنبھالا  ہے انہوں نے کہا ہے کہ وہ توقع کر رہے ہیں کہ آئی سی سی اس ٹورنمنٹ کے بارے میں آئندہ ماہ فیصلہ کرے گی۔اس حوالے سے زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ یہ ایونٹ آئندہ سال کے لیے ری شیڈول ہو جائے، تاہم اس کا دارومدار وبا کی صورت حال اور پھر مصروف کیلنڈر میں ٹورنمنٹ کے لیے جگہ بنانے پر ہے۔
- Advertisement -
- Advertisement -