Sunday, May 5, 2024
Homeٹرینڈنگپرینکا چوپڑا دہلی میں بڑھتی آلودگی پر فکرمند

پرینکا چوپڑا دہلی میں بڑھتی آلودگی پر فکرمند

دارالحکومت میں طاق اور جفت قانون پھر نافذ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ مشہور اداکارہ پرینکا چوپڑا نے دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کے سلسلے میں فکرمندی کا اظہار کیا ہے اور اس دوران دہلی میں پھر ایک مرتبہ طاق اور جفت قانون نافذ کردیا گیا ہے۔پرینکا چوپڑا ان دنوں دہلی میں اپنی آنے والی نیٹ فلکس فلم دی وائٹ ٹائیگر کی شوٹنگ کرر ہی ہیں۔دہلی میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے ۔ پرینکا چوپڑانے بھی اس فضائی آلودگی کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں بھی آلودگی کی وجہ سے شوٹنگ کرنے میں دقت ہورہی ہے ۔

پرینکا انسٹا گرام پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اپنی اس تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنی بات کہی ،جس میں انہوں نے ماسک پہنا ہوا ہے ۔انسٹا گرام پر اس تصویر کے ساتھ پرینکا چوپڑا نے لکھا ہے -اس شہر میں ، دی وائٹ ٹائگر کی شوٹنگ کرنا فی الحال مشکل ہورہا ہے ،مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ایسے ماحول میں کیسے رہ رہے ہیں۔ شکر ہے کہ ہمارے پاس ایر پیوری فائر اور ماسک جیسی سہولت ہیں ۔غریبوں اور بے گھروں کے لئے دعا کریں۔ سبھی لوگ اپنا خیال رکھیں۔

اس سے پہلے پرینکا چوپڑا نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعہ بتایا تھا کہ وہ دہلی میں ہیں اور فلم کی شوٹنگ کررہی ہیں۔ وہیں انہوں نے پہلے بھی آلودگی کے سلسلے میں اپنی آواز اٹھائی ہے اورایک مرتبہ انہوں نے دیوالی پر پٹاخے نہ جلانے کی بھی اپیل کی تھی ۔پرینکا نے ایک مرتبہ اس بات کا انکشاف کیاتھا کہ انہیں دمہ کی بیماری ہے ۔ایسے میں انہیں زیادہ دقت بھی ہوتی ہے ۔

دوسری جانب خطرناک سطح کی فضائی آلودگی کی گرفت میں موجود قومی دارالحکومت میں پیر کی صبح آٹھ بجے سے طاق اور جفت منصوبہ نافذ ہوگیا اور اس دوران سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کم دیکھی گئی۔

چیف منسٹر اروندکیجریوال اور دہلی کے وزیر تعلیم منیش سیسودیا فضائی آلودگی کے تئیں بیداری کی مثال پیش کرتے ہوئے سائکل سے دفتر پہنچے ۔ کیجریوال نے ٹویٹ کرکے لوگوں سے اپنے بچوں اور شہر کے لئے اس منصوبے پر عمل کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے سرکاری مشینری سے بھی یہ یقینی بنانے کو کہا کہ پابندی کی وجہ سے کسی کو بلاوجہ کوئی پریشانی نہ ہو۔

 کیجریوال نے کہا، نمستے دہلی! آلودگی کم کرنے کے لئے آج سے طاق ۔ جفت شروع ہورہا ہے ۔اپنے لئے،اپنے بچوں کی صحت کے لئے اور اپنے کنبے کی سانسوں کے لئے طاق ۔ جفت پر عمل ضرور کریں۔ایک دوسرے کی گاڑی مل جل کر استعمال کریں۔اس سے دوستی بڑھے گی،رشتے بنیں گے، پٹرول بچے گا اور آلودگی بھی کم ہوگی۔دہلی پھر کر دکھائے گی۔

یہ منصوبہ 15نومبر تک صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک نافذ ہوگا۔ پہلے دن جفت نمبر والی گاڑیوں کو سڑکوں پرچلانے کی اجازت رہی ۔ٹریفک پولیس نے آج صبح ایک شخص کا چالان بھی کاٹا ہے ۔

 کیجریوال نے قومی دارالحکومت میں طاق ۔ جفت منصوبہ نافذ ہونے سے کچھ ہفتے پہلے 12اکتوبر کو یہ اعلان کیاتھا کہ سلامتی کے پیش نظر خواتین ڈرائیوروں کو اس میں راحت دی جائے گی۔ اس منصوبہ سے ان کاروں کو راحت دی جائے گی،جن میں خواتین ڈرائیور اکیلی ہوں گی، ان میں صرف خواتین ہوں گی اور ان کے ساتھ 12سال سے کم عمر کے بچے ہوں گے ۔ جبکہ ٹو ویلر چلانے والوں کو اس منصوبے سے راحت دی گئی ہے ۔اس بارخانگی سی این جی گاڑیوں کواس منصوبے میں شامل کیاگیا ہے ۔یہ منصوبہ دہلی حکومت ، سیون پوائنٹ ونٹرایکشن پلان کے تحت سردیوں میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے لارہی ہے ۔

چیف منسٹر نے دہلی کے عوام سے اس مرتبہ دیوالی کے موقع پر پٹاخے نہ جلانے کی اپیل بھی کی تھی۔اس سال دہلی حکومت نے دیوالی کے موقع پر دہلی کے کناٹ پلیس علاقے میں لیزر شوکا انعقاد کیاتھا۔