Sunday, May 5, 2024
Homeٹرینڈنگپرینکا چوپڑا مودی کی جگہ لینے کی خواہاں

پرینکا چوپڑا مودی کی جگہ لینے کی خواہاں

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ بالی ووڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا جنہوں نے گزشتہ برس امریکی گلوکار و اداکار نک جونس سے شادی کرکے ہندوستانسے رخصتی لی تھی وہ مستقبل میں سیاست میں داخلے کی خواہاں ہیں۔ پرینکا چوپڑا اقوام متحدہ سمیت دیگر سماجی تنظیموں اور ہندوستانی کی ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر فلاحی و انسانی حقوق کے کام سر انجام دے کر عوام کی خدمت کرتی رہی ہیں تاہم اب انہوں نے مستقبل میں موقع ملنے پر سیاست کے ذریعے عوام کی خدمت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں 36 سالہ پرینکا چوپڑا نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ہندوستان کا وزیر اعظم بننے کے لیے انتخابات لڑیں گی۔

اداکارہ نے مزید کہا ہے کہ ان کا خواب ہے کہ دنیا کے تمام انسان بلا تفریق اور سیاسی اختلافات رکھے بغیر ایک دوسرے سے جڑ جائیں اور کسی کو بھی دوسرے ملک میں جانے کے لئے اجازت اور پاسپورٹ کی ضرورت نہ پڑے۔ پرینکا چوپڑا کے بموجب ان کی سیاست میں دلچسپی ہے اور ایک طرح سے وہ فلاحی کام کرکے عوام کی خدمت کرکے سیاست ہی کر رہی ہیں۔ وہ چاہیں گی کہ وہ مستقبل میں اپنے ملک ہندوستان میں وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں شامل ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ خواہش بھی ظاہر کی ہے کہ موقع ملنے پر مستقبل میں نک جونس بھی امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں۔ اداکارہ نے وضاحت کی کہ نک جونس میں امریکہ کا اچھا صدر بننے کی صلاحیت موجود ہے اور وہ بھی ایک بہترین وزیر اعظم بن سکتی ہیں۔ اداکارہ نے انٹرویو کے دوران نک جونس سے شادی سے پہلے تعلقات اور شادی کے بعد کے تعلقات پر بات کرنے سمیت اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی بات کی۔ خیال رہے کہ پرینکا چوپڑا نے گزشتہ برس دسمبر میں خود سے 11 برس کم عمر امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ نک جونس اور پرینکا چوپڑا کے درمیان شادی سے ڈیڑھ سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے، ان دونوں کی شادی کو امریکی میڈیا نے دھوکہ بھی قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کی شادی زیادہ عرصے تک نہیں چل سکے گی۔دونوں کی شادی کے چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی برطانوی و امریکی میڈیا میں شائع ہوئیں اور دعویٰ کیا گیا کہ جلد دونوں میں طلاق ہوجائے گی، بعد ازاں پرینکا چوپڑا نے ایسی خبروں کو مسترد کردیا۔