Friday, May 17, 2024
Homesliderپنجاب اور راجستھان فتوحات کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کے خواہاں

پنجاب اور راجستھان فتوحات کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کے خواہاں

- Advertisement -
- Advertisement -

شارجہ ۔ آئی پی ایل میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کی ٹیموں کے درمیان اتوار کو ایک شاندار مقابلہ متوقع ہے جبکہ راجستھان کے وکٹ کیپر سنجو سیمسن اور پنجاب کے لوکیش راہول کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

راجستھان اور پنجاب کی ٹیموں نے اپنے پچھلے مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہیں اور دونوں ٹیمیں کامیابی کے سلسلے کو برقرار کھنے کی کوشش کریں گی۔ راجستھان نے ٹورنمنٹ کے اپنے پہلے میچ میں رنر اپ چینائی سوپرکنگزکو16 رنز سے شکست دی جبکہ پنجاب کی ٹیم نے رائل چیلنجرز بنگلورکو97 رنزکے بڑے برق سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں جیت سے پرجوش ہیں اور اگلے میچ کے لئے تیار ہیں۔

پنجاب دو مقابلے میں ایک جیت اور شکست کے ساتھ دو نشانات حاصل کرکے ٹیبل میں دوسرے مقام پر ہے جبکہ راجستھان کی ٹیم ایک جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ پنجاب کا یہ تیسرا اور راجستھان کا دوسرا میچ ہوگا۔راجستھان کے سیمسن نے چینائی کے خلاف صرف 32 گیندوں میں ایک چوکے اور نو چھکوں کی مدد سے شاندار 74 رن بنائے تھے جبکہ راہول نے بنگلور کے خلاف 69 گیندوں میں 14 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ132 رن کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔ یہ راہول کا بہترین اسکور اور اس آئی پی ایل کی پہلی سنچری بھی ہے۔

راجستھان کا اپنے دوسرے میچ سے قبل حوصلے بلند ہوگئے ہیں کہ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین جوس بٹلر کی قرنطینہ کی مدت مکمل ہوچکی ہے اور وہ آئندہ مقابلے میں کھیلنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ راجستھان کی ٹیم انتظامیہ نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے ۔
بٹلر کی واپسی

ٹیم میں بٹلر کی موجودگی سے راجستھان کی بیٹنگ اور مضبوط ہوگئی ہے جو پنجاب کے لئے سخت چیلنج بن سکتا ہے ۔ راجستھان کے برانڈ ایمبیسیڈر اور مینٹر شین وارن بھی متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ اگرچہ اب وہ قرنطینہ میں رہیں گے لیکن ان کی موجودگی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ وارن کی کپتانی میں راجستھان نے آئی پی ایل کا پہلا خطاب اپنے نام کیا تھا۔
دوسری طرف پنجاب اس مقابلے سے پہلے اس گراؤنڈ میں راجستھان کے خلاف 6 سالہ قدیم ریکارڈ سے تحریک لے سکتا ہے کہ شارجہ میں 2014 میں راجستھان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اسے جیت حاصل ہوئی تھی ۔

پچھلی مرتبہ راجستھان کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں پنجاب کی ٹیم نے سات وکٹ سے جیت درج کی تھی۔ اس میچ میں راجستھان نے پانچ وکٹوں پر191 رنز بنائے تھے جبکہ پنجاب نے تین وکٹ پر 193 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ میچ میں راجستھان کی طرف سے سیمسن نے52 اور اسٹیون اسمتھ نے ناٹ آؤٹ27 رنز بنائے جبکہ پنجاب کی طرف سے گلین میکسویل نے89 رنزکا اسکور کیا تھا ۔ جہاں ایک طرف پنجاب اس ریکارڈ سے پرجوش ہوگی تو وہیں راجستھان کو اپنی سابق شکست کا بدلہ لینے کا موقع ملے گا۔

راجستھان کی طرف سے چینائی کے خلاف پچھلے مقابلے میں کپتان اسمتھ (69) نے بھی شاندار اننگز کھیلی تھی اور سیمسن کے ساتھ 121 رنز کی بڑی شراکت قائم کی تھی۔ راجستھان کے ٹاپ آرڈر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ان کا مڈل آرڈرلڑکھڑاگیا تھا۔ اسمتھ کو اپنے مڈل آرڈر کومضبوط کرنا ہوگا۔