Monday, April 29, 2024
Homeتازہ ترین خبریںپولیس کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ میں اضافہ،عوام کو احتیاط برتنے...

پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ میں اضافہ،عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔19مارچ ۔   الیکشن کمیشن کی جانب سے ہندوستان میں عام انتخابات کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے بعد جہاں ایک جانب سیاسی جماعتیں اپنی کامیابی کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں تو دوسری جانب محکمہ پولیس دونوں شہروں حیدرآبا د اور سکندرآباد میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ انتخابات میں کسی بھی قسم کی بدعنوانیوں کی روک تھام کے لئے اب شہر کے اہم مقامات اور خاص کر کے حساس مقامات پر پولیس کی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے ۔ ا

یک جانب محکمہ پولیس اور پولیس عہدیدار اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں تو دوسری جانب عوام کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ ایسے حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ انہیں پولیس  کی بیجا ہراسانی اور قانونی پیچدگیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ دونوں شہروں میں دیکھا گیا ہے کہ جگہ جگہ اب پولیس کی چیکنگ ہو رہی ہے اور آنے والے دنوں میں اس چیکنگ میں مزید اضافے کا امکان بھی ہے، لہذا ضروری ہے کہ عوام بھی نہ صرف اپنی حفاظت کے لئے خود ہی اقدامات کریں بلکہ پولیس کے ساتھ بھی تعاون کریں ۔

عام طور پر دیکھا جاتا ہے عام دنوں میں گاڑیوں کے دستاویزات ساتھ رکھنے یا ہیلمٹ پہننے میں کسی قسم کا تساہل برتا جاتا ہے لیکن اب چونکہ ہندوستان بھر میں انتخابات کا ماحول گرم ہوچکا ہے اور حیدرآباد میں جگہ جگہ پولیس کی جانب سے چیکنگ کی جا رہی ہے تو بہتر ہے کہ عوام اپنی گاڑی کے دستاویزات نہ صرف ساتھ رکھیں بلکہ کسی دستاویز کی تجدید (رینیول) کروانی ہو تو وہ بھی کروا لے کیونکہ بغیر لائسنس یا کسی اور دستاویزات کے بغیر گاڑی چلانے کی وجہ سے خدشہ ہے کہ آپ کو پولیس والوں اور قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے ۔

والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو گاڑی دیتے وقت اس بات کی احتیاط کریں کہ وہ بغیر لائسنس اور ہیلمٹ کے سڑکوں پر گاڑی نہ چلائیں اور جہاں تک ممکن ہو سکے چھوٹے بچوں کو گاڑی دینے سے احتیاط کریں۔  گاڑی چلانے والوں کے لیے یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے دستاویزات کی جانچ کرلیں اور اگر کسی کاغذ کی تجدید یا تبدیلی ضروری ہے تو وہ فورا کروالیں تاکہ کسی چالان یا قانونی پیچیدگی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔سب سے اہم احتیاط یہ بھی ضروری ہے کہ گاڑیوں میں حد سے زیادہ نقد رقومات نہ رکھیں اور تجارتی اعتبار سے بھاری رقم ساتھ رکھنا نہ گزیر ہوتو اس کی قانونی حیثیت  اورمسلمہ دستاویزات ساتھ رکھیں ،چونکہ انتخابات کے دوران نوٹ کے بدلے ووٹ کا رجحان پایا جاتاہے جس کےلئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دولت لوٹائی جاتی ہے ۔پولیس کی اس مرتبہ گاڑیوں کے ذریعہ نقد رقومات کی منتقلی پر زیادہ توجہ مرکوز ہوچکی ہے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے پہلے ہی یہ ہدایت دی جاچکی ہے کہ موجودہ حالات میں جہاں تک ممکن ہو سکے احتیاط سے کام لے اور خاص کر دے رات گئے بغیر کسی ضروری کام کے حساس مقامات پر نہ گھومیں اور گاڑیاں بالکل بھی نہ چلائیں کیونکہ ابتدائی دنوں میں پولیس چیکنگ راتوں میں ہی زیادہ کی جارہی ہے جیسا کہ حیدرآباد کے کئی اہم علاقوں اور اہم چوراہوں پر پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔