Tuesday, May 7, 2024
Homeٹرینڈنگپہلوخان کے خلاف چارج شیٹ ،کانگریس کی صفائی

پہلوخان کے خلاف چارج شیٹ ،کانگریس کی صفائی

- Advertisement -
- Advertisement -

جے پور۔  پہلو خان ہجومی تشدد معاملہ میں پہلو خان کے خلاف ہی چارج شیٹ داخل کیے جانے کے بعد راجستھان کی سیاست ایک زلزلے کا شکار ہوگئی  ہے۔ ظلم کے شکار پہلو خان کے خلاف ہی پولس کارروائی سے کانگریس حکومت تنقیدوں کی زد میں آگئی ہے لیکن اب چیف منسٹر اشوک گہلوت نے واضح کر دیا ہے کہ اس معاملے کی جانچ بی جے پی حکومت میں ہوئی تھی اور چارج شیٹ بھی اسی حکومت میں پیش کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اگر تحقیقات میں کچھ غلطی ہوئی ہے تو کانگریس حکومت دوبارہ اس کی تحقیقات کروائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ گائے کی اسمگلنگ کے نام پر پہلو خان کی ہجوم نے زبردست پٹائی کر دی تھی اور دواخانہ  میں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی تھی۔ پولس کی جانب سے عدالت میں پیش چارج شیٹ میں پہلو خان اور اس کے دو بیٹوں کو گائے اسمگلنگ کا ملزم بنایا گیا ہے۔ یہ خبر پھیلنے کے بعد چیف منسٹرگہلوت نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس تحقیقات میں کوئی غلطی پائی گئی تو ہم دوبارہ تفتیش کروائیں گے۔ انھوں نے صاف لفظوں میں یہ بھی کہا کہ وہ قصورواروں کو کسی بھی حال میں نہیں چھوڑیں گے۔

اشوک گہلوت نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس معاملے میں گزشتہ حکومت میں تحقیقات ہوئی تھی۔ تحقیقات پوری ہونے کے بعد عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی۔ اس کے بعد پہلو خان کے بیٹے عبوری ضمانت کے لیے عدالت چلے گئے اور عدالت میں ان کو ضمانت بھی مل گئی۔ عدالت نے کہا کہ جب تک آپ ملزم کو لے کر نہیں آؤ گے، تب تک چالان پیش نہیں کریں گے۔ ملزم پیش ہوئے تو پولس نے چالان پیش کر دیا۔ اس پورے واقعہ کی تفتیش بی جے پی حکومت میں ہی ہوئی تھی۔ لیکن اگر اس میں کچھ بھی غلط ہوا ہے تو دوبارہ تحقیقات ہوں گی۔

چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ اب جب کہ مقدمہ  میں چالان پیش ہوا ہے تو ہمارا کام یہ دیکھنا ہے کہ تفتیش کس طرح ہوئی ہے؟ اگر تفتیش میں خامی پائی گئی تو ہم دوبارہ تفتیش کروائیں گے۔ ایسا سوچنا غلط ہے کہ حکومت نے اپنا بیان  بدل دیا ہے۔ ہم ان لوگوں کو کبھی قانون نہیں توڑنے دیں گے جو گاؤکشی کے نام پر قتل کر تے ہیں۔ ہم ایسے عناصر کی مذمت کرتے ہیں اور ہم ایسے ملزموں کو چھوڑنے والے نہیں ہیں، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔