Sunday, May 19, 2024
Homeاسپورٹسپہلے کوالیفائر میں چینائی سوپرکنگس اور ممبئی انڈینس میں دلچسپ مقابلہ متوقع

پہلے کوالیفائر میں چینائی سوپرکنگس اور ممبئی انڈینس میں دلچسپ مقابلہ متوقع

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی ۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2019 اپنے دوسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور ٹورنمنٹ کا پہلا کوالیفائر مقابلہ آج چینائی میں میزبان چینائی سوپر کنگس اور ممبئی انڈینس کے درمیان کھیلا جائے گا ۔گذشتہ مقابلہ میں اپنی طاقت اور خامیوں کو پہچاننے والے مقابلہ میں شکست کے بعد دفاعی چمپئن چینائی سوپرکنگس کو اب یہاں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر مقابلہ میں بلند حوصلوں کی ممبئی انڈینس ٹیم سے مقابلے میں گھریلو میدان کا فائدہ ضرور ملے گا۔ چینائی سوپرکنگس نے ٹورنمنٹ میں اپنے مظاہروں میں استقلال کا ثبوت دیا ہے اور ٹورنمنٹ کے بیشتر مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ وہ مسلسل پہلے مقام پر فائز رہی لیکن لیگ کے آخری مقابلے میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف شکست کے بعد اسے دوسرے مقام پر پہنچنا پڑا لیکن اس سے اسے زیادہ کچھ نقصان نہیں ہوا کیونکہ ممبئی کو شکست دیکر وہ پھر ایک مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔

 دوسری جانب ممبئی انڈینس کے مظاہروں میں استقلال کا فقدان رہا اور وہ ٹیموں کے جدول میں ابتدائی چار مقامات میں نشیب و فراز کا سامنا کرتی رہی لیکن لیگ کے آخری مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ اس نے ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ پہلے کوالیفائر مقابلے میں دونوں ہی ٹیموں کے درمیان کوئی زیادہ فرق نہیں ہے جیسا کہ دونوں ہی ٹیموں نے فی کس تین مرتبہ ٹورنمنٹ میں خطابات حاصل کئے ہیں۔ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگس لیگ مقابلوں میں زیادہ تر پہلے مقام پر فائز رہی لیکن گذشتہ مقابلہ میں اسے کنگس الیون پنجاب کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کا کوالیفائر پر کوئی زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ دوسری جانب ممبئی نے اپنے آخری مقابلہ میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو جامع انداز میں شکست دی۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے کوالیفائر مقابلے میں چینائی سوپرکنگس کا ریکارڈ کافی بہترین ہے جیسا کہ اس نے یہاں 7 مقابلوں میں6 فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس مقابلہ میں جہاں فاتح ٹیم کو راست فائنل کھیلنے کا موقع مل جائے گا وہیں شکست برداشت کرنے والی ٹیم کیلئے بھی کوئی مشکل نہیں ہوگی کیونکہ وہ 10 مئی کو کوالیفائرکے دوسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔

چینائی سوپرکنگس کیلئے ٹاپ آرڈر کے بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے لیکن ممبئی انڈین کے طاقتور بولنگ شعبہ کے خلاف اسے بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ جسپریت بمراہ 17 وکٹوں، لستھ ملنگا 15 وکٹوں، ہاردک پانڈیا 14 وکٹوں اور کرونال پانڈیا 10 وکٹوں کے علاوہ راہول چہر 10 وکٹوں کے ساتھ ممبئی انڈینس کیلئے کامیاب بولر ثابت ہورہے ہیں۔ چینائی سوپرکنگس کیلئے کپتان مہندر سنگھ دھونی 12 مقابلوں میں 368 رنز اسکور کرتے ہوئے رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ گذشتہ مقابلے میں فاپ ڈوپلیسی نے بھی تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی تھی اس کے علاوہ شین واٹسن اور سریش رائنا نے بھی وقتاً فوقتاً متاثر کن اننگز کھیلی ہیں۔ چینائی سوپر کنگس کیلئے امباٹی رائیڈو کا ناقص فام تشویش کا باعث ہے جبکہ آل راونڈر کیدار جئے دیو زخمی ہونے کے بعد ان کی شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ اسپنرس کی جوڑی عمران طاہر اور ہربھجن سنگھ ممبئی انڈینس کیلئے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کیلئے کپتان روہت شرما 386، کوئنٹن ڈی کاک 492 اور ہاردک پانڈیا 380 رنز کے ساتھ اہم بیٹسمین بنے ہوئے ہیں جبکہ جارحانہ آل راونڈر کیرن پولارڈ کسی بھی لمحہ چینائی سوپرکنگس کے بولروں کیلئے مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں۔