Tuesday, May 14, 2024
Homesliderپیگاسس معاملے میں حکومت کو پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہئے : راہول

پیگاسس معاملے میں حکومت کو پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہئے : راہول

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے پیگاسس اور کسانوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں ہنگاموں کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور حکومت کو پارلیمنٹ میں پیگاسس جیسے حساس معاملے میں جواب دینا چاہئے ۔راہول گاندھی نے 14 اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیگاسس کو اپنے عوام اور جمہوری اداروں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ ہتھیار دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف استعمال ہونا چاہئے تھا لیکن حکومت اسے جمہوری اداروں کے خلاف استعمال کررہی ہے ۔ پیگاسس نہ صرف ان کے خلاف استعمال ہورہا ہے بلکہ اسے سپریم کورٹ ، اپوزیشن رہنماؤں ، صحافیوں ، کارکنوں وغیرہ کے خلاف بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت ایوان میں اس سنگین مسئلے پر بات کرنے سے کیوں بچ رہی ہے ۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ ان پر الزام لگایا جارہا ہے کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ کو کام نہیں کرنے دے رہی ہے ۔ پیگاسس کے ذریعہ ملک کی جمہوریت پر حملہ کیا جارہا ہے اور ان کی پارٹی اس طرح کے معاملے پر سکون سے نہیں رہ سکتی، لہذا وہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی ذمہ داریوں کو نبھا رہی ہے ۔

قبل ازیں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی سربراہی میں اپوزیشن کی 14 جماعتوں کے قائدین نے آج یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس منعقد کیا اور پیگاسس اور کسانوں کے مسئلے جیسے متعدد مسائل پر آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راہولگاندھی کی سرپرستی میں اپوزیشن کی جماعتوں کا یہ اجلاس راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملیکارجن کھڑگے کے چیمبر میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ راہول گاندھی کے ساتھ ہی ہم خیال جماعتوں کے قائدین ایوان میں تحریک التواءپیش کریں گے ۔