Wednesday, May 22, 2024
Homeٹرینڈنگچدمبرم کی سی بی آئی تحویل میں 2ستمبر تک توسیع

چدمبرم کی سی بی آئی تحویل میں 2ستمبر تک توسیع

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت سے کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو جمعہ کے دن بھی کوئی راحت نہیں ملی اور خصوصی عدالت نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں ان کی سی بی آئی تحویل کی مدت 2 ستمبر تک کے توسیع کردی۔ چدمبرم کی حراست کی مدت پوری ہونے پر انہیں آج راؤز ایونیو کی ایک عدالت میں خصوصی جج اجے کمار کوہار کے سامنے پیش کیا گیا۔ جج کوہار نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد سابق مرکزی وزیرکی سی بی آئی تحویل میں2 ستمبر تک توسیع کا حکم دیا۔ اس موقع پر چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی عدالت میں موجود تھے ۔

دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد چدمبرم کو 21 اگست کی شب سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ انہیں 22 اگست کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے سابق مرکزی وزیر کو 26 اگست تک سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ چدمبرم کی حراست کی مدت پوری ہونے کے بعد 26 اگست کو ایک مرتبہ پھر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی بی آئی نے عدالت سے چدمبرم سے پوچھ گچھ کے لئے مزید پانچ دن کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے حراست میں آج تک توسیع کردی تھی۔

 چدمبرم کو آج پیش کرنے کے بعد ، سی بی آئی نے پوچھ گچھ کے لئے پانچ دن کی مزید حراست کی درخواست کی۔ تفتیشی ایجنسی نے دلیل دی کہ چدمبرم پوچھ گچھ میں تعاون نہیں کررہے ہیں اور سوالات کا براہ راست جواب نہیں دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس معاملے میں دوسرے ملزموں کے سامنے بھی ان سے پوچھ گچھ کرنی ہے ۔ سپریم کورٹ کی جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بینچ نے کہا کہ بدعنوانی کے معاملے میں سی بی آئی کی تحویل میں بھیجنے کے نچلی عدالت کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت وہ2 ستمبر کوکرے گی۔ اس کے بعد سابق مرکزی وزیر کے وکیلوں نے خود کہا کہ وہ چدمبرم کو2 ستمبر تک سی بی آئی کی تحویل میں رہنے کی پیش کش کررہے ہیں۔دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد جج کوہار نے چدمبرم کی سی بی آئی تحویل میں دو ستمبرتک توسیع کردی۔