Sunday, May 5, 2024
Homesliderچوتھا ٹسٹ ،ہندوستان کو گابا کی تاریخ اور زخمی کھلاڑیوں کے چیلنج...

چوتھا ٹسٹ ،ہندوستان کو گابا کی تاریخ اور زخمی کھلاڑیوں کے چیلنج کا سامنا

- Advertisement -
- Advertisement -

برسبین۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی بارڈر۔گواسکر ٹرافی کے لئے فیصلہ کن مقابلہ جمعہ کو برسبین کے میدان پر شروع ہونے جارہا ہے جس میں سیریز پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کی نمبر ون ٹسٹ رینکنگ بھی داؤپر رہے گی۔ہندوستان اور آسٹریلیا 1-1 کی برابری کے ساتھ چوتھے ٹسٹ میں داخل ہونے جارہی ہیں۔ آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں پہلا ٹسٹ آٹھ وکٹ سے جیتا تھا جبکہ ہندوستان نے میلبورن میں دوسرا ٹسٹ آٹھ وکٹ سے جیت کر سیریز میں برابری حاصل کی۔ سڈنی میں تیسرا ٹسٹ ڈرا پر ختم ہوا اور اب سیریز کا فیصلہ برسبین میں چوتھے اور فیصلہ کن ٹسٹ سے ہوگا۔

 اگر ہندوستان برسبین ٹسٹ میں جیت جاتا ہے یا ڈراکھیلتا ہے تو وہ بارڈر۔گواسکر ٹرافی اپنے پاس برقرار رکھے گا کیونکہ ہندوستان نے 2018-19 میں آسٹریلیا سے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔ اگر آسٹریلیا سیریز جیتنے میں کامیاب رہا تو وہ آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں پھر سے نمبر ایک پر پہنچ جائے گا۔ اگر ہندوستان نے چوتھا ٹسٹ جیتا یا سیریز 1-1 سے برابر رہی تو نیوزی لینڈ نمبر ایک پر برقرار رہے گا۔ موجودہ درجہ بندی میں نیوزی لینڈ 118 پوائنٹ کے ساتھ پہلے ، آسٹریلیا 116 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے اور ہندوستان 114 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے ۔ہندوستان اس ٹسٹ سے پہلے اپنے زخمی کھلاڑیوں کے مسائل سے پریشان ہے اور اس نے برسبین ٹسٹ کے لئے اپنی آخری الیون کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ آسٹریلیا نے اپنی آخری الیون کا اعلان کردیا ہے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے ۔ مارکس ہیرس کو زخمی ول پکووسکی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

 پکووسکی کاندھے کے زخم کی وجہ سے اس ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔اگر ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنا چاہتا ہے تو اسے برسبین گراؤنڈ پر اپنی تاریخ بدلنی ہوگی۔ہندوستان نے اس میدان میں کبھی ٹسٹ میچ نہیں جیتا۔ برسبین کا میدان آسٹریلیا کی ٹیم کا ناقابل تسخیر قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں اس نے گزشتہ33 برسوں میں کبھی شکست کا سامنا نہیںکیا اور نہ ہی وہ ہندوستان سے کبھی ہارا ہے ۔ آسٹریلیائی نے گزشتہ سات ٹسٹ مسلسل برسبین میں جیتے ہیں۔آسٹریلیائی ٹیم آخری بار برسبین میں نومبر1988 میں اس وقت ہارگئی تھی جب اسے ویسٹ انڈیز نے نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہندوستان نے برسبین میں چھ ٹسٹ کھیلے ہیں ، ان میں سے پانچ میں شکست اور 2003 میں کھیلا گیا ٹسٹ ڈرا رہا تھا۔ ہندوستان اس سیریز کے پہلے تین ٹسٹ میں میچ سے قبل تک اپنی آخری الیون کا اعلان کرتا آیا تھا لیکن چوتھے ٹسٹ سے قبل ابھی تک اس نے اپنی آخری الیون کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ ہندوستان میچ کی صبح تک اپنے کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق حتمی رپورٹ کا انتظار کرے گا اور اس کے بعد وہ اپنی ٹیم کا اعلان کرے گا۔

ہندوستان کو ٹیم میں رویندر جڈیجہ اور ہنوما وہاری کا متبادل تلاش کرنا ہے۔ زخمی ہونے کی وجہ سے دونوں اس میچ سے باہر ہیں ۔ جڈیجہ کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا ٹوٹ گیا ہے جبکہ ہنوما کو عضلات میں جکڑن کی شکایت ہے ۔ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی فٹنس کے بارے میں بھی صورتحال واضح نہیں ہے ۔ ان کے پیٹ میں کھنچاؤہے ۔ان کے مقام پر شاردل ٹھاکر یا ٹی نٹراجن میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔ ٹھاکر نے ہندوستان کے لئے 2018 میں واحد ٹسٹ کھیلا تھا جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نٹراجن کے کیریر کاپہلا ٹسٹ میچ ہوگا۔